آئی سی سی آنکھیں کھولے: وقار یونس

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption آئی سی سی اور اس کےامپائرز اور ریفریز کو آنکھیں کھول کر دنیا کے تمام بولرز پر نظر ڈالنی چاہیے صرف چند ٹیموں اور بولرز کے خلاف اس ایکشن کا دائرہ محدود نہیں ہونا چاہیے: وقار یونس

پاکستان کے بولر سعید اجمل کے بعد محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن بھی مشکوک قرار دیے جانے نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی فکر میں اضافہ کردیا ہے۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس اس صورتِ حال سے قطعاً خوش نہیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی اگر مشکوک بولنگ ایکشن کے حامل بولرز کے خلاف کارروائی کر رہی ہے تو پھر اسے پوری طرح آنکھیں کھول کر ایسا کرنا چاہیے۔

وقاریونس نے پیر کو بی بی سی اردو سروس کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ آئی سی سی اور اس کےامپائرز اور ریفریز کو آنکھیں کھول کر دنیا کے تمام بولرز پر نظر ڈالنی چاہیے صرف چند ٹیموں اور بولرز کے خلاف اس ایکشن کا دائرہ محدود نہیں ہونا چاہیے۔

انھوں نے کسی بھی بولر کا نام لیے بغیر کہا کہ اس وقت بھی کئی ایسے بولرز ہیں جن کے بولنگ ایکشن درست معلوم نہیں ہوتے اس کے باوجود وہ کھیل رہے ہیں۔

وقار یونس نے کہا کہ آئی سی سی نے مشکوک بولنگ ایکشن کے حامل بولرز کے خلاف کارروائی کے لیے غلط وقت کا انتخاب کیا ہے۔

’اگر آئی سی سی کو مشکوک بولنگ ایکشن کے بارے میں نیا پروٹوکول لانا ہی تھا تو یہ ورلڈ کپ کے بعد ہونا چاہیے تھا کیونکہ دنیا کی ہر ٹیم اپنے کھلاڑیوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے عالمی کپ کی تیاری کرتی آئی ہے۔ ہر ٹیم ان تیاریوں میں اپنے کچھ بولرز اور بلے بازووں کو اہمیت دیتی ہے اور ایسے میں آئی سی سی کی جانب سے اچانک مشکوک بولنگ ایکشن کے بارے میں سخت موقف نے ان تیاریوں کو زبردست متاثر کیا ہے۔ اس صورتِ حال سے کچھ ٹیمیں متاثر ہوچکی اور کچھ یقیناً ہونے والی ہیں یہ پالیسی سب کے لیے یکساں ہونی چاہیے۔‘

وقاریونس نے چیمپیئنز لیگ میں محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دیے جانے کے بارے میں کہا کہ وہ پاکستان کے نقطۂ نظر سے ایک اہم بولر ہیں اور ان کے بولنگ ایکشن کو رپورٹ کرکے انھیں غیرضروری طور پر دباؤ میں ڈال دیا گیا ہے۔

بھارت میں جاری چیمپیئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں لاہور لائنز کے دو بولرز عدنان رسول اور محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے محمد حفیظ پاکستان کی بولنگ لائن میں اہم مقام رکھتے ہیں اور سعید اجمل کی معطلی کے بعد انھوں نے شاہد آفریدی کے ساتھ سپن بولنگ کا شعبہ سنبھالنا ہے۔

اسی بارے میں