ایشیائی کھیل: بھارت 12 سال بعد ہاکی کے فائنل میں

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption دونوں ٹیموں نے میچ کے پہلے اور دوسرے کوارٹر میں گول کرنے کی کوششیں کی تاہم انھیں کامیابی حاصل نہ ہوئی

جنوبی کوریا کے شہر انچن میں جاری ایشیائی کھیلوں میں ہاکی کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے جنوبی کوریا کو ایک صفر سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

بھارت کی جانب سے میچ کا واحد گول آکاش دیپ سنگھ نے کیا۔

منگل کو کھیلے جانے والے سیمی فائنل کے پہلے اور دوسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کی جانب سے گول کرنے کی کوششیں ناکام رہیں۔

میچ کے تیسرے کوارٹر میں بھارت نے پہلے توگول کرنے کے تین مواقع ضائع کیے تاہم پھر تیسرا کوارٹر ختم ہونے سے محض ایک منٹ پہلے بھارت کی جانب سے آکاش دیپ سنگھ نے میچ کا واحد گول کر دیا۔

چوتھے کوارٹر کے آخری لمحات میں جنوبی کوریا کوگول برابر کرنے کا موقع ملا مگر اس سے فائدہ نہ اٹھایا جا سکا۔

فائنل میں بھارت کا مقابلہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان ہونے والے دوسرے سیمی فائنل مقابلے کے فاتح سے ہوگا۔

بھارت سنہ 2002 کے بعد پہلی بار ایشیائی کھیلوں میں ہاکی کے فائنل میں پہنچا ہے۔ اس نے آخری بار سنہ 1998 میں ایشیائی کھیلوں میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔

ایشیائی کھیلوں میں سونے کا تمغہ جیتنے والی ٹیم 2016 کے ریو اولمپکس میں خودبخود جگہ بنا لے گی اور اسے کوالیفائنگ راؤنڈ نہیں کھیلنا پڑے گا۔

ایشیائی کھیلوں میں ہاکی کے مقابلے نئے قوانین کے تحت کھیلے جا رہے ہیں جن کے مطابق اب ہاکی میچ میں 35،35 منٹ کے دو ہاف کی بجائے 15، 15 منٹ کے چار کوارٹرز پر مشتمل ہوتا ہے۔

اسی بارے میں