ایشیائی کھیل: پاکستان اور بھارت فائنل میں

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ایشیائی کھیلوں میں ہاکی کا فائنل روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان جمعرات کو کھیلا جائے گا

جنوبی کوریا کے شہر انچن میں جاری ایشیائی کھیلوں میں ہاکی کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے ملائشیا کو سخت مقابلے کے بعد پنلٹی سٹروکس پر پانچ کے مقابلے میں چھ گول سے ہرا دیا۔

مقررہ وقت پر یہ میچ بغیر کسی گول کے برابر تھا۔

پانچ پانچ پنلٹی شوٹ آؤٹ میں دونوں ٹیموں نے تین، تین گول کیے جس کے بعد دیے گئے شوٹ آؤٹ میں ملائشیا کی ٹیم تین میں سے دو گول کر سکی جبکہ پاکستان نے تینوں شوٹ آؤٹ پر گول کر کے فائنل میں جگہ بنا لی۔

ایشیائی کھیلوں میں ہاکی کا فائنل روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان جمعرات کو کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے جنوبی کوریا کو ایک صفر سے شکست دی تھی۔

آکاش دیپ سنگھ کے گول نے بھارت کو 12 سال میں پہلی بار ایشیائی کھیلوں کے فائنل میں پہنچا دیا۔

چار سال قبل چین میں منعقدہ ایشیائی کھیلوں میں پاکستان نے ملائشیا کو فائنل میں دو گول سے ہرا کر طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔

پاکستانی ٹیم اپنے ایشیائی اعزاز کا دفاع کر رہی ہے اور وہ 11 ویں مرتبہ ایشیائی کھیلوں کے فائنل میں پہنچی ہے۔

پاکستان نے آٹھ بار ایشیائی کھیلوں میں سونے کا تمغہ جیتا ہے اور دو مرتبہ اسے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آٹھ مرتبہ ایشیائی کھیلوں میں سونے کے تمغے کے لیے مقابلہ کر چکی ہیں جن میں سے سات میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی ہے۔

اسی بارے میں