چیمپیئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی: لاہور لائنز ٹورنامنٹ سے باہر

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption اس شکست کے ساتھ ہی چیمپیئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں لاہور لائنز کا سفر اپنے اختتام کو پہنچ گیا

بھارت میں جاری چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں پرتھ سکورچرز نے لاہور لائنز کو تین وکٹوں شکست سے دے دی۔

پرتھ سکورچرز نے 125 رنز کا مطلوبہ ہدف 19 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

اس شکست کے ساتھ ہی چیمپیئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں لاہور لائنز کا سفر اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔

لاہور لائنز کو یہ میچ جیتنے کے لیے پرتھ سکورچرز کو 78 رنز تک محدود کرنا تھا تاہم وہ اس میں ناکام رہی۔

پرتھ سکوچرز کی جانب سے کیمرون بینکروفٹ اور کریگ سمنز نے اننگز کا آغاز کیا۔ لاہور لائنز کی طرح پرتھ سکورچرز کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور ایک موقعے پر صرف 40 رنز کے سکور پر اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہو گئے تھے۔

تاہم اس کے بعد مچل مارش نے سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان کا بھرپور ساتھ بریڈ ہاگ نے دیا جنھوں نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے اور آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔

پرتھ سکوچرز کی طرف سے کیمرون بینکروفٹ نے تین چوکوں کی مدد سے 22 رنز بنائے۔

لاہور لائنز کی جانب سے محمد حفیظ اور مصطفیٰ اقبال نے دو، دو جبکہ اعزاز چیمہ اور سعد نسیم نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے پاکستانی ٹیم لاہور لائنز نے پرتھ سکورچرز کو جیتنے کے لیے 125 رنز کا ہدف دیا تھا۔

بنگلور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں لاہور لائنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔

لاہور لائنز کی جانب سے ناصر جمشید اور عمر شیفق نے اننگز کا آغاز کیا، لیکن یہ آغاز تباہ کن ثابت ہوا اور ایک موقعے پر صرف 11 رنز کے مجموعی سکور پر اس کے چار کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے تھے۔

تاہم ابتدائی نقصان کے بعد لاہور لائنز کے سعد ندیم نے اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔ انھوں نے سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 69 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

پرتھ سکورچرز کی جانب سے جوئل سموئل پیرس نے تین، مچل مارش نے دو اور بریڈ ہاگ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اسی بارے میں