محمد حفیظ آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے باہر

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption محمد حفیظ اوپننگ بلے باز کے طور پر ٹیم میں کھیلتے ہیں

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ انجری کے باعث متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلی جانے والی ایک روزہ اور ٹی 20 سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

ٹی 20 ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کوگذشتہ روز جمعے کو شارجہ میں پریکٹس میچ کے دوران ہتھیلی پر زخم آیا تھا۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ حفیظ کی ہتھیلی پر پانچ ٹانکے لگے ہیں اور ڈاکٹرز کے مطابق انھیں صحت یاب ہونے میں دو ہفتے لگیں گے۔

پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے مطابق محمد حفیظ کے سیریز میں شرکت کے امکانات ختم ہو گئے ہیں اور اس وجہ سے انھیں وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی نے محمد حفیظ کی جگہ سپنر ذوالفقار بابر اور اوپننگ بلے باز سمیع اسلم کو سکواڈ میں شامل کیا ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف ایک مشکل سیریز میں پاکستان کو پہلے ہی آف سپنر سعید اجمل کی خدمات حاصل نہیں ہیں۔

کرکٹ کے نگراں ادارے آئی سی سی نے سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے ان پر بین الاقوامی میچ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

سمیع اسلم نے رواں سال انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی تھی۔سیریز کا واحد ٹی 20 انٹرنیشنل میچ پانچ اکتوبر کو دبئی میں ہوگا۔

تین ون ڈے انٹرنیشنل سات، دس اور 12 اکتوبر کو بالترتیب شارجہ، دبئی اور ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔

پہلا ٹیسٹ میچ 22 سے 26 اکتوبر تک دبئی میں ہوگا جبکہ ابوظہبی 30 اکتوبر سے تین نومبر تک ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔

اسی بارے میں