پاکستان آسٹریلیا آج رات دبئی میں مدِمقابل

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption شاہد آفریدی ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی قیادت کریں گے

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان متحدہ عرب امارات میں ہونے والی کرکٹ سیریز کا آغاز اتوار کی رات واحد ٹی 20 انٹرنیشنل میچ سے ہو رہا ہے۔

دبئی میں ہونے والے اس ٹی 20 انٹرنیشنل میں دونوں ٹیمیں قیادت کی تبدیلی کے بعد میدان میں اتر رہی ہیں۔

آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کی مایوس کن کارکردگی کے بعد محمد حفیظ نے کپتانی چھوڑ دی تھی جس کے بعد پاکستان نے ایک بار پھر شاہد آفریدی کو یہ ذمہ داری سونپ دی ہے۔

آسٹریلیا نے جارج بیلی کی جگہ ایرون فنچ کو کپتان مقرر کیا ہے اس طرح دونوں کپتانوں کے جارحانہ مزاج کو دیکھتے ہوئے امید کی جا رہی ہے کہ دبئی میں شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

پاکستانی ٹیم پانچ سال بعد پہلی بار سعید اجمل کے بغیر میدان میں اتر رہی ہے جنھیں مشکوک بولنگ ایکشن کے سبب آئی سی سی کی جانب سے معطلی کا سامنا ہے۔

ان کی غیرموجودگی میں محمد حفیظ یہ ذمہ داری سنبھالنے کے لیے تیار تھے کہ شارجہ کے پریکٹس میچ میں ہتھیلی پر گیند لگنے کے سبب وہ دو ہفتے کے لیے کرکٹ سے دور ہوگئے ہیں۔

پاکستانی ٹی 20 سکواڈ میں لاہور لائنز کے بیٹسمین سعد نسیم کو شامل کیا گیا ہے جنھوں نے حالیہ چیمپئنز لیگ ٹی 20 میں عمدہ بیٹنگ کی ہے۔

دوسال بعد ٹیم میں واپس آنے والے اوپنر اویس ضیا مڈل آرڈر بیٹسمین عمرامین اور لیفٹ آرم سپنر رضا حسن کا کھیلنا بھی یقینی دکھائی دیتا ہے۔

آسٹریلوی ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر انحصار کر رہی ہے اور کم از کم پانچ کھلاڑی اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز کرنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

دو کھلاڑیوں کے ان فٹ اور پیٹ کمنز کے بھارت میں ہونے کے سبب سلیکٹرز نے ٹیسٹ اور ون ڈے سکواڈ میں شامل سٹیو اوکیف، فلپ ہیوز اور نیتھن لیون کو ٹی 20 سکواڈ میں شامل کیا ہے۔

خیال ہے کہ سپنر کیمرون بوائس، فاسٹ بولر کین رچرڈ سن اور آل راؤنڈر شین ایبٹ اپنا پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلیں گے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان بارہ ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے جا چکے ہیں جن میں آٹھ پاکستان نے جیتے ہیں۔

آخری بار دونوں کے درمیان مقابلہ اس سال ڈھاکہ میں ہوا تھا جس میں پاکستان نے 16 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

اس میچ میں عمراکمل نے 94 رنز سکور کیے تھے جبکہ آسٹریلیا کی طرف سے گلین میکسویل نے 74 اور ایرون فنچ نے 65 رنز بنائے تھے۔

اسی بارے میں