آسٹریلیا نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے دو رنز بنانے کے بعد آل راؤنڈر شین ایبٹ کو پہلی ٹی 20 وکٹ لینے کا موقع دیا

متحدہ عرب امارات میں کرکٹ سیریز کے دبئی میں کھیلے جانے والے سیریز کے واحد ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں آسٹریلیا نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔

دبئی سپورٹس سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستانی بلے باز آسٹریلوی بولرز کے سامنے بےبس دکھائی دیے اور اپنا پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے سعد نسیم کے علاوہ کوئی بھی وکٹ پر نہیں جم سکا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

پاکستان مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز بنا سکا۔

آسٹریلیا کی جانب سے ڈی اے وارنر 54 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ دوسرے نمایاں کھلاڑی میکس ویل تھے جنھوں نے 17 رنز بنائے۔

پاکستانی بولرز آسٹریلوی کھلاڑیوں کو دباؤ میں نہ لا سکے اور 14 اوورز میں ہی کھیل ختم ہو گیا۔ رضا حسن دو جبکہ شاہد آفریدی اور وہاب ریاض ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے۔

اس سے پہلے پاکستانی ٹیم محض 96 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

سعد 25 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ پاکستانی مجموعے میں دوسرا سب سے بڑا حصہ 18 اضافی رنز کا تھا۔

پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے ماہرین کے اندازوں کے برعکس ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو پاکستانی بیٹنگ ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔

تیسرے اوور میں دو برس بعد ٹیم میں واپس آنے والے اویس ضیا تین رن بنا کرگلین میکسویل کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔ اسی اوور میں ان کی جگہ آنے والے عمر امین دو گیندوں بعد ہی بغیر کوئی رن بنائے سٹمپ ہوگئے۔

میکسویل کے اگلے اوور میں صہیب مقصود پہلے سٹمپ ہونے سے بچے لیکن پھر دو گیندوں بعد بولڈ ہوگئے۔

اپنا پہلا میچ کھیلنے والے سپنر کیمرون بوائس نے احمد شہزاد کو آؤٹ کر کے اپنی پہلی انٹرنیشنل وکٹ لی۔ انھوں نے دس رنز بنائے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption متعدد پاکستانی بلے باز غیر ضروری شاٹیں کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے

عمر اکمل بھی چند گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور صرف ایک رن بنا کر انتہائی غیر ضروری شاٹ کھیل کر نئے آسٹریلوی فاسٹ بولر کین رچرڈسن کی ڈیبیو وکٹ بنے۔

شاہد آفریدی نے آل راؤنڈر شین ایبٹ کو پہلی ٹی 20 وکٹ لینے کا موقع دیا اور دو رن بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

انور علی پانچ رنز بنا کر بوائس کی دوسری وکٹ بنے جبکہ سعد نسیم 25 رنز بنانے کے بعد سٹارک کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

وہاب ریاض کو فاکنر نے کیچ کروایا جبکہ رضا حسن اور عرفان ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کے لیے گلین میکسویل تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ بوائس نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس میچ میں دونوں ٹیمیں نئے کپتان کی قیادت میں میدان میں اتریں۔ پاکستانی ٹیم کی کپتانی ایک مرتبہ پھر شاہد آفریدی کو سونپی گئی ہے تو آسٹریلیا نےجارج بیلی کی جگہ ایرون فنچ کو کپتان مقرر کیا ہے

اس میچ میں پاکستان کے لیے بلے باز سعد نسیم نے ڈیبیو کیا جبکہ آسٹریلیا نے اپنی ٹیم میں چار نئے کھلاڑیوں کو جگہ دی ہے جن میں کیمرون بوائس، کین رچرڈ سن، شین ایبٹ اور فل ہیوز شامل ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک 12 ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے آٹھ پاکستان نے جیتے ہیں۔

اسی بارے میں