آسٹریلیا کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستانی بیٹسمین آسٹریلوی باؤلر کا مقابلہ نہ کر سکے

ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان گزشتہ چار برسوں سے اپنے سب سےکامیاب باؤلر سعید اجمل کے بغیر میدان میں اترا ہے۔

آسٹریلیا نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو باآسانی شکست سے دوچار کر کے پاکستان کو خبردار کر دیا ہے کہ اسے ون ڈے سیریز اور ٹیسٹ میں کن مسائل کا سامنا کر پڑ سکتا ہے۔

پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستانی بیٹسمینوں نے ٹیم کی شکست میں اہم کردار ادا کیا لیکن باؤلر بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے۔

ون ڈے سیریز کی کپتانی تجربہ کار کھلاڑی مصباح الحق کر رہے ہیں۔مصباح الحق اور فواد عالم کی ٹیم میں شمولیت سے ٹیم کی بیٹنگ لائن کو قدرے استحکام ملے گا۔ پاکستان کےتجربہ کار کھلاڑی محمد حفیظ کے ٹیم سے باہر ہونے کی وجہ سے ٹیم نہ صرف ایک کارآمد بیٹسمین سے محروم ہو گئی بلکہ سعید اجمل کی غیر موجودگی میں محمد حفیظ کی بولنگ سے بھی محروم ہو گئی۔

آسٹریلیا کی ٹیم اپنے تجربہ کار کھلاڑی اور کپتان مائیکل کلارک اور شین واٹسن کے بغیر میدان میں اتری ہے۔فاسٹ بولر میچل جانسن اس میچ میں حصہ لے رہے ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں عمر اکمل نے جس انداز میں اپنی وکٹ گنوائی اس نے کوچ وقار یونس کو بھی پریشان کیا۔ وقار یونس نے میچ کے بعد کہا تھا کہ ہم نے عمر اکمل کے باصلاحیت ہونے کے بعد بہت باتیں سنی ہیں لیکن اب ہمیں کچھ کرنا پڑے گا۔

پاکستان کی ٹیم: احمد شہزاد، ، اسد شفیق، صہیب مقصود، مصباح الحق (کپتان) فواد عالم، سرفراز احمد، شاہد آفریدی، وہاب ریاض، رضا حسن، ذولفقار بابر اور محمد عرفان۔

آسٹریلیا کی ٹیم: ایرن فنچ، ڈیوڈ وارنر، سٹیفن سمتھ ، راجر بیلی (کپتان) گلین میکسویل، بریڈ ہیڈن، جیمز فالکنر، مچل جانسن، شین ایبٹ، کے ڈبلیو رچرڈسن اور نیتھن لائن۔