شارجہ: آسٹریلیا نے پاکستان کو 93 رنز سے شکست دے دی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption وکٹ کیپر سرفراز احمد اوپننگ کے لیے آئے

شارجہ میں کھیلے جانے والے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 93 رنز سے شکست دے دی ہے۔

آسٹریلیا نے پاکستان کو 256 رنز کے ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 37 ویں اوور میں 162 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

آسٹریلیا کے بالروں مچل جانسن نے 3، لیون اور میکس ویل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ پاکستان کی جانب سے عمر اکمل 46 رنز اور سرفراز 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے سرفراز احمد اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا مگر شہزاد چار رنز بنا کر سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔

احمد شہزاد کے آؤٹ ہونے کے بعد اسد شفیق بیٹنگ کے لیے آئے اور سرفراز کے ساتھ سکور کو 59 رنز تک پہنچایا۔

59 رنز پر سرفراز احمد 41 رنزبنا کر آؤٹ ہو گئے اور اس کے بعد کپتان مصباالحق بیٹنگ کے لیے آئے اور صفر پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد مجموعی سکور میں چار رنز کے اضافے کے بعد ہی اسد شفیق کو 13 رنز پر جانسن نے آؤٹ کر دیا۔

بعد میں فواد عالم سات اور آفریدی پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

میچ شارجہ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے

آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنچ اور وارنر نے اننگز کا آغاز کیا اور محمد عرفان کی گیند پر فنچ صفر پر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد وارنر اور سمتھ نے محتاظ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو 18 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 86 رنز پر پہنچا دیا۔

86 کے مجموعی سکور پر وارنر 43 رنز بنا کر آفریدی کی گیند پر عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption شاہد آفریدی نے 10 اوورز میں 46 رنز دے کر تین کھلاڑی آؤٹ کیے

آسٹریلیا نے 22ویں اوور میں 100 رنز مکمل کیے اور 123 پر جارج بیلی کو فواد عالم نے کیچ آؤٹ کر دیا۔

اس کے بعد 158رنز پر میکسویل کو ذوالفقار بابر نے آؤٹ کر دیا۔ میکسویل کا عمدہ کیچ محمد عرفان نے باؤنڈری پر لیا۔

196 کے مجموعی سکور پر شاہد آفریدی کی گیند پر جیمز فالکنر ایل ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔

آؤٹ ہونے والے چھٹے بلے باز سمتھ تھے جنھیں 101 رنز پر آفریدی نے آؤٹ کیا۔ سمتھ کے بعد ایبٹ بیٹنگ کے لیے تاہم 3 رنز پر وہاب ریاض نے انھیں آؤٹ کر دیا۔

پاکستان کو اننگز کا آخری اوور کافی مہنگا پڑا۔ وہاب ریاض نے آخری اوور میں ایک وکٹ کے عوض 17 رنز دیے۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جانسن تھے جنھوں نے آخری اوور کی چار گیندوں پر 14 رنز بنائے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption سمتھ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی اور 101 پر انھیں آفریدی نے آؤٹ کر دیا

شاہدی آفریدی نے تین، وہاب ریاض نے دو جبکہ ذوالفقار بابر، فواد عالم اور محمد عرفان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ون ڈے سیریز کی کپتانی تجربہ کار کھلاڑی مصباح الحق کر رہے ہیں۔ مصباح الحق اور فواد عالم کی ٹیم میں شمولیت سے ٹیم کی بیٹنگ لائن کو قدرے استحکام ملے گا۔

پاکستان کےتجربہ کار کھلاڑی محمد حفیظ کے ٹیم سے باہر ہونے کی وجہ سے ٹیم نہ صرف ایک کارآمد بیٹسمین سے محروم ہو گئی بلکہ سعید اجمل کی غیر موجودگی میں محمد حفیظ کی بولنگ سے بھی محروم ہو گئی۔

آسٹریلیا کی ٹیم اپنے تجربہ کار کھلاڑی اور کپتان مائیکل کلارک اور شین واٹسن کے بغیر میدان میں اتری ہے۔فاسٹ بولر میچل جانسن اس میچ میں حصہ لے رہے ہیں۔

اس سے پہلے اتوار کو دبئی میں کھیلے جانے والے سیریز کے واحد ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption محمد عرفان نے پہلے ہی اوور میں فنچ کو آؤٹ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی

آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں عمر اکمل نے جس انداز میں اپنی وکٹ گنوائی اس نے کوچ وقار یونس کو بھی پریشان کیا۔ وقار یونس نے میچ کے بعد کہا تھا کہ ہم نے عمر اکمل کے باصلاحیت ہونے کے بعد بہت باتیں سنی ہیں لیکن اب ہمیں کچھ کرنا پڑے گا۔

دبئی سپورٹس سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستانی بلے باز آسٹریلوی بولرز کے سامنے بےبس دکھائی دیے اور اپنا پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے سعد نسیم کے علاوہ کوئی بھی وکٹ پر نہیں جم سکا۔

پہلے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم

ایرون فنچ، ڈیوڈ وارنر، سٹیو سمتھ، جارج بیلی، گلین میکسویل، جیمز فالکنر، برڈ ہیڈن، ایبٹ، مچل جانسن، کین رچرڈسن اور نیتھن لیون شامل ہیں۔

پاکستان کی ٹیم:

احمد شہزاد، اسد شفیق، مصباالحق، عمر اکمل، فواد عالم، سرفراز احمد، شاہد آفریدی، انور علی، وہاب ریاض، ذوالفقار بابر اور محمد عرفان شامل ہیں۔

اس دورے میں پاکستان آسٹریلیا کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کے علاوہ دو ٹیسٹ میچ بھی کھیلے گا۔

اسی بارے میں