پاکستان: ٹیسٹ ٹیم کے اعلان میں تاخیر

شاہد آفریدی تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ بائیس اکتوبر سے دبئی میں کھیلا جا رہا ہے

آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اعلان میں تاخیر ہوگئی ہے جس کا سبب چند کھلاڑیوں کا ان فٹ ہوجانا بتایا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان پاکستان اے اور آسٹریلیا کے درمیان شارجہ میں پندرہ سے اٹھارہ اکتوبر تک کھیلے جانے والے چار روزہ میچ کے بعد کیا جائے گا۔

اس سے قبل ممکنہ اٹھارہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان پیر یا منگل کے روز متوقع تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو دوسرے ون ڈے کے اختتام پر ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کرنا تھا لیکن چیف سلیکٹر معین خان نے اس ضمن میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان سے بات کی ہے اور انھیں چند اہم کھلاڑیوں کے فٹنس مسائل سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں بتایا جس پر شہریارخان نے انھیں اس بات کی اجازت دے دی ہے کہ وہ ان کھلاڑیوں کی فٹنس رپورٹ آنے تک سکواڈ کے اعلان میں مزید چند روز لے سکتے ہیں۔

پاکستانی ٹیم کے تین کھلاڑی محمد حفیظ، وہاب ریاض اور جنید خان اس وقت فٹ نہیں ہیں۔ان میں سے جنید خان گھٹنے کی تکلیف کے سبب چھ سے آٹھ ہفتے تک کرکٹ سے دور ہو چکے ہیں۔

محمد حفیظ کی ہتھیلی پر شارجہ میں پریکٹس میچ کے دوران گیند لگی تھی ۔ان کے ٹانکے تو کھل چکے ہیں اور انہوں نے بیٹنگ بھی شروع کردی ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کا میڈیکل پینل منگل کو ان کا معائنہ کرنے کے بعد ان کی فٹنس کے بارے میں رپورٹ دے گا۔

فاسٹ بولر وہاب ریاض دوسرے ون ڈے کے دوران گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے اور ایم آر آئی رپورٹ کے مطابق انہیں ٹھیک ہونے میں دو سے تین ہفتے لگ سکتے ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ بائیس اکتوبر سے دبئی میں کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں