گرمیوں میں ’ورلڈ کپ نہیں کھیل سکتے‘

بلیٹر تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption فیفا کے صدر بلیٹر کہتے ہیں کہ ٹورنامنٹ کو نومبر دسمبر میں شروع کیا جانا چاہیے

یورپ کے بڑے فٹبال کلب فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا سے یہ درخواست کرنے پر غور کر رہے ہیں کہ وہ سنہ 2022 میں قطر میں ہونے والا فٹبال ورلڈ کپ کا انعقاد مئی کے مہینے میں کیا جائے۔

قطر نے سنہ 2010 میں سنہ 2022 میں ہونے والے عالمی کپ کی میزبانی کے حقوق حاصل کر لیے تھے لیکن سخت گرم مہینوں میں میچوں کی تاریخیں بدلنے پر ایک سال سے زیادہ عرصے سے انکوائری چل رہی ہے۔

یورپیئن کلب ایسوسی ایشن (ای سی اے) نے، جس میں مانچیسٹر یونائیٹڈ، لیورپول، بارسیلونا اور بیئرن میونخ شامل ہیں، مئی سنہ 2022 کو ممکنہ مہینہ تجویز کرنے کے بارے میں بات چیت کی ہے۔

ای سی اے سمجھتی ہے کہ خزاں کے موسم میں ٹورنامنٹ میں کم از کم خلل پڑے گا۔

قطر کے ٹورنامنٹ منعقد کرنے کے حقوق حاصل کرنے کے فوراً بعد ہی ٹورنامنٹ کے لیے ملک کے انتخاب پر سوالات اٹھنا شروع ہو گئے تھے، کیونکہ جون اور جولائی کے مہینوں میں جن میں روایتی طور پر یہ ٹورنامنٹ منعقد کیا جاتا ہے، وہاں انتہائی گرمی پڑتی ہے۔

قطر 2022 کے منتظمین ہمیشہ سے یہ کہتے آئے ہیں کہ وہ موسمِ گرما میں یہ ٹورنامنٹ منعقد کرا سکتے ہیں۔ ان کا منصوبہ ہے کہ وہ سٹیڈیم اور شائقین کے سٹینڈز میں جدید طرز کی ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے ٹھنڈی ہوا پھینکتے رہیں گے تاکہ درجہ حرارت کم رہے۔

اس ہفتے ہیرولڈ میئن نکولس نے، جنہوں نے 2018 اور 2022 کے ٹورنامنٹس کی بولیوں کی جانچ کرنے والے فیفا کے ٹیکنیکل کمیشن کی سربراہی کی تھی، بھی مشورہ دیا ہے کہ ٹورنامنٹ کو ذرا پہلے کرایا جائے اور ہر کھیل صبح سویرے شروع کیا جائے۔

فیفا نے چالیس سے زیادہ درجہ حرارت میں کھیلنے والے کھلاڑیوں کی صحت کے متعلق بڑھتی ہوئی تشویش کے بعد گذشتہ اکتوبر کو مزید صلاح مشورے کے عمل کا اعلان کیا تھا۔

فیفا کے صدر سیپ بلیٹر نے اس ہفتے کے آغاز میں کہا تھا کہ ٹورنامنٹ کو نومبر یا دسمبر کے مہینوں میں کرا دیا جائے۔

’ہم گرمیوں میں ورلڈ کپ نہیں کھیل سکتے۔ کھیل کے لیے سب سے مناسب تاریخ سال کا آخر ہے کیونکہ 2022 کے آغاز میں سرمائی اولمپکس ہوتی ہیں۔‘

بلیٹر نے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کو یقین دلایا کہ ورلڈ کپ اور سرمائی اولمپکس کی تاریخوں میں کوئی ٹکراؤ نہیں ہو گا، جو کہ فروری 2022 میں قزاقستان یا چین میں ہونی ہیں۔

اسی بارے میں