یونس خان کے ٹیسٹ کرکٹ میں 8000 رنز مکمل

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں 8000 رنز مکمل کرنے والے دنیا کے 28 ویں بیٹسمین ہیں

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین یونس خان نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں 8000 رنز مکمل کرلیے ہیں۔

یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں 8000 رنز مکمل کرنے والے دنیا کے 28 ویں اور تیسرے پاکستانی بیٹسمین ہیں۔

ان سے قبل یہ اعزاز جاوید میانداد اور انضمام الحق حاصل کرچکے ہیں۔

یونس خان اپنا 93 واں ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں اور اس ٹیسٹ میچ سے قبل وہ 8000 رنز سے 181 رنز دور تھے۔

انھوں نے مچل مارش کی گیند پر ایک رن لے کر آٹھ ہزار رنز مکمل کیے۔

جاوید میانداد نے 124 ٹیسٹ کی 189 اننگز میں 8832 رنز بنائے تھے جن میں 23 سنچریاں اور 43 نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔

انضمام الحق یہ ریکارڈ توڑنے کے بہت قریب آگئے تھے لیکن اپنی آخری ٹیسٹ اننگز میں تین رنز پر آؤٹ ہوکر وہ چار رنز کی کمی سے یہ ریکارڈ اپنے نام نہ کرسکے ۔

انضمام الحق نے 119 ٹیسٹ میچوں کی 198 اننگز میں 25 سنچریوں اور 46 نصف سنچریوں کی مدد سے 8829 رنز اسکور کیے تھے۔

اسی بارے میں