بھارت کی سری لنکا کے خلاف مسلسل تیسری کامیابی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سری لنکا کے تجربہ کار کھلاڑی کمارا سنگاکارا صفر پر آؤٹ ہوئے، بھارت کے خلاف وہ دوسری بار پہلی ہی گیند پر آوٹ ہوئے ہیں

بھارت کے شہر حیدرآباد میں اتوار کو بھارت اور سری لنکا کے درمیان تیسرے ایک روزہ کرکٹ میچ میں بھارت نے سری لنکا کو مسلسل تیسری مرتبہ شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے۔

سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور سری لنکا کی پوری ٹیم 48.2 اوور میں 242 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

جواب میں بھارت نے مقررہ ہدف 44 اوورز میں ہی حاصل کر لیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

سری لنکا شروعات اچھی نہیں رہی اور اس کے دو کھلاڑی صرف سات رنز پر آؤٹ ہو گئے لیکن پھر تلک رتنے دلشان اور مہیلا جے وردھنے نے ٹیم کو سنبھالا۔

مہیلا جے وردھنے کی سنچری بھی سری لنکا کے کام نہ آئی۔ جے وردھنے کے علاوہ دلشان نے نصف سنچری سکور کی لیکن ان دونوں کھلاڑیوں کے علاوہ کوئی سری لنکن کھلاڑی بڑا سکور نہ کر پایا۔

پچھلے میچ میں اچھی بلے بازی کرنے والے کمارا سنگاکارا اس بار پہلی ہی گيند پر آؤٹ ہو گئے جبکہ دونوں وکٹ تیز بولر امیش یادو نے لیے۔

بھارت کی طرف سے شیکھر دھون اور کھولی نے تیز اننگز کھیلیں اور بھارت کو باآسانی ہدف تک پہنچا دیا۔

دھون نے 79 گیندوں پر 91 رنز بنائے جبکہ کھولی نے 61 گیندوں پر 53 رنز سکور کیے۔

اس سے قبل کھیلے جانے والے دونوں میں میچ میں بھارت نے آسانی سے کامیابی حاصل کی تھی۔

واضح رہے کہ بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز ادھوری رہ جانے کی وجہ سے بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ نے سری لنکا فوری طور پر کھیلنے کی دعوت دی جسے سری لنکا کرکٹ بورڈ نے تسلیم کیا۔

کمارا سنگاکارا کا کہنا تھا کہ انھیں اس دورے کی تیاری کے لیے موقع نہیں مل پایا۔

بھارت کی جانب سے اس سیریز کےلیے ویراٹ کوہلی کو کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ دھونی کو آرام دیا گیا ہے۔

اسی بارے میں