سعید اجمل کی ’دوسرا‘ گیند اب بھی پندرہ ڈگری سے زیادہ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ٹیسٹ کے نتائج کے مطابق سعید اجمل کے بولنگ ایکشن ٹیسٹ میں مزید بہتری آئی ہے اور ان کی آف سپن ڈلیوری 15 ڈگری کے قانون میں آ گئی ہے

پاکستانی بولر سعید اجمل کے ایکشن میں مسلسل بہتری آ رہی ہے اور وہ اپنی آف سپن گیند کو 15 ڈگری زاویے کے اندر لے کر آ گئے ہیں تاہم ان کی خطرناک بال’دوسرا‘ ابھی بھی مقررہ حد سے متجاوز ہے۔

پی سی بی نے ایک بار پھر ذاتی طور پر سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ کروایا ہے اور ان کی آف سپن ڈلیوری 15 ڈگری کے اندر آ گئی ہے۔

کرکٹ کی مقبول ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق انگلینڈ میں کیےگئے ٹیسٹ کے نتائج کے مطابق سعید اجمل کے بولنگ ایکشن ٹیسٹ میں مزید بہتری آئی ہے اور ان کی آف سپن ڈلیوری 15 ڈگری کی حد میں آ گئی ہے تاہم ’دوسرا‘ گیند کراتے وقت اجمل کا بازو اب بھی 15 ڈگری سے زیادہ خم کھا رہا ہے۔

قومی کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم نے کرک انفو سے اس بات کی تصدیق کردی ہے۔

محمد اکرم نے بتایا کہ اجمل کی آف سپن اور تیز گیند 15 ڈگری کے اندر آ گئی ہے تاہم ان کی ’دوسرا‘ میں اب بھی مسائل ہیں اور یہ گیند کراتے وقت ان کا بازو 15 ڈگری سے زیادہ خم کھا رہا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ اجمل کا ایک بار پھر غیر آفیشل ٹیسٹ کیا جائے گا اور اگر وہ یہ دونوں گیندیں دوبارہ کامیابی سے کرنے میں کامیاب رہتے ہیں تو ان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی ہو گی۔

انھوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں ایکشن میں روانی لانے کے بعد سعید اجمل کو باقاعدہ طور پر آئی سی سی کے ٹیسٹ کے لیے بھیجا جائے گا۔

محمد اکرم نے کرک انفو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجمل نے اپنے بازو کا خم کم کرنے کے لیے بہت محنت کی اور پیر کو بائیو مکینک لیب میں اس بات کا انکشاف ہوا کہ وہ 15 ڈگری کے اندر گیند کرنے لگے ہیں۔

سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ اجمل اپنی روایتی آف سپن اور تیز گیند مکمل کنٹرول کے ساتھ 15 ڈگری کے اندر کر رہے ہیں۔

اسی بارے میں