میسی کا ایک اور ریکارڈ، چیمپیئنز لیگ کے ٹاپ سکورر بن گئے

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption ’میں بہت خوش ہوں کہ میں نے ایک نیا ریکارڈ چیمپیئنز لیگ جیسے مقابلوں میں بنایا ہے‘

بارسلونا کے فٹ بالر لیونل میسی نے اپول نکوسیا کے خلاف ہیٹ ٹرک کر کے چیمپیئنز لیگ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔

میسی نے اس میچ سے قبل چیمپیئنز لیگ میں 71 گول کیے تھے۔

میسے نے اپنا پہلا گول میچ کے 38ویں منٹ میں کیا، دوسرا 58 ویں منٹ اور تیسرا 87 ویں منٹ میں کیا۔

27 سالہ لیونل میسی نے میچ کے بعد کہا ’میں بہت خوش ہوں کہ میں نے ایک نیا ریکارڈ چیمپیئنز لیگ جیسے مقابلوں میں بنایا ہے۔ لیکن اہم بات یہ ہے کہ ہم نے تین پوائنٹ بھی جیتے ہیں۔ بارسلونا نے بہت عمدہ کھیل کھیلا۔‘

گذشتہ چار روز میں یہ میسی کا دوسرا ریکارڈ ہے۔ ہفتے کو لیونل میسی سپینش لیگ لا لیگا کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بنے تھے۔

یہ لیونل میسی کی بارسلونا کی طرف سے 28 ویں ہیٹ ٹرک تھی جبکہ چیمپیئنز لیگ میں میسی کی پانچویں ہیٹ ٹرک تھی۔

اس سے قبل میسی اور ریئل میڈرڈ کے راؤل 71 گول کر کے برابر تھے۔ راؤل نے 71 گول 142 میچوں میں کیے تھے جبکہ میسی نے 74 گول 91 میچوں میں کیے ہیں۔

ریئل میڈرڈ کے کرسٹیانو رونالڈو نے اب تک 70 گول کیے ہیں۔ وہ بدھ کو بیسل کے خلاف میچ کھیلیں گے۔

اسی بارے میں