کولمبو: پہلے میچ میں سری لنکا فاتح

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption معین علی نے 11 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 119 رنز کی شاندار اننگز کھیلی

سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے جانے پہلے ایک روزہ میچ میں سری لنکا نے انگلینڈ کو 25 رنز سے شکست دے کر سات ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

انگلینڈ کی پوری ٹیم 317 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 47.1 اوور میں 292 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

تفصیلی سکور کارڈ

انگلینڈ کی جانب سے ایلسٹر کک اور معین علی نے اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 51 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے 11 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 119 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

سری لنکا کی جانب سےتھریسا پریرا نے دو، دھمیکا پرساد، تلک رتنے دلشان، اجنتا مینڈس اور ہیرات نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنائے۔

سری لنکا کی اننگز کی خاص بات تلک رتنے دلشان اور کوشل پریرا کی عمدہ بیٹنگ تھی۔

دلشان نے دس چوکوں کی مدد سے 88 جبکہ پریرا نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 59 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکز اور جیمز ٹریڈویل نے دو دو اور معین علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بدھ کو کھیلے جانے والے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔