ہیوز کے سوگ میں شارجہ ٹیسٹ ایک دن کے لیے موخر

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پی سی بی اور کرکٹ نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل ایک دن کے لیے موخر کر دیا ہے

شارجہ میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے کھیل کو آسٹریلوی کھلاڑی فلپ ہیوز کی موت کے سوگ میں ایک دن کے لیے موخر کر دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پی سی بی اور کرکٹ نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل ایک دن کے لیے موخر کر دیا ہے۔

میچ کے دوسرے دن کا کھیل اب جمعہ 28 نومبر کو شروع ہوگا اور میچ یکم دسمبر کو ختم ہوگا۔ میچ کے اوقات معمول کے مطابق ہوں گے۔

پہلے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے تھے۔

پہلے دن کے اختتام پر محمد حفیظ اور مصباح الحق نے بالترتیب 178 اور 38 رنز بنائے تھے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

حفیظ نے اس دوران ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی ساتویں سنچری بھی مکمل کی۔ یہ اس سیریز میں ان کی دوسری سنچری ہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مارک کریگ نے دو جبکہ ڈینیئل ویٹوری نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور محمد حفیظ نے اننگز شروع کی اور 43 رنز کی شراکت قائم کی۔

اس موقع پر مارک کریگ نے شان مسعود کو بولڈ کر کے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلوائی۔

دوسری وکٹ کے لیے محمد حفیظ اور اظہر علی کے درمیان 87 رنز کی شراکت ہوئی جس کا خاتمہ بھی مارک کریگ نے اظہر علی کو راس ٹیلر کے ہاتھوں کیچ کروا کے کیا جو 39 رنز بنا سکے۔

ان فارم یونس خان اس اننگز میں صرف پانچ رنز ہی بنا سکے اور ڈینیئل ویٹوری کی وکٹ بنے۔

یونس نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ دیے جانے پر ریویو بھی لیا لیکن گیند بالکل وکٹ کے سامنے ان کی ٹانگ پر لگی تھی اور اس لیے انھیں پویلین لوٹنا پڑا۔

شارجہ میں کھیلنے جانے والے اس میچ میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اور پہلے ٹیسٹ میں ان فٹ ہونے والے آل راؤنڈر محمد حفیظ کی ٹیم میں اوپنر توفیق عمر کی جگہ واپسی ہوئی ہے جبکہ احسان عادل کی جگہ فاسٹ بولر محمد طلحہ کو ملی ہے۔

نیوزی لینڈ نے اس ٹیسٹ کے لیے اپنی ٹیم میں تین سپنر کھلائے ہیں اور تجربہ کار آف سپنر ڈینیئل ویٹوری ڈھائی سال کے وقفے کے بعد ٹیسٹ میچ میں اپنے ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

انھیں نیشم کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کو اس ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہے۔

ابوظہبی میں سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ پاکستان نے 248 رنز سے جیتا تھا جبکہ دبئی میں کھیلا گیا دوسرا میچ دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد بےنتیجہ رہا تھا۔

اسی بارے میں