فل ہیوز کو خراجِ عقیدت: آسٹریلیا اور بھارت کا پہلا ٹیسٹ ملتوی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق بیٹسمین فل ہیوز کی آخری رسومات بدھ کوگرینچ کے معیاری وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے نیوساؤتھ ویلز میں واقع ان کے آبائی قصبے میکس ویلے میں ادا کی جائیں گی

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان چار دسمبر سے شروع ہونے والا پہلا ٹیسٹ میچ فل ہیوز کی موت کے باعث ملتوی کر دیا گیا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدر لینڈ نے ایک بیان میں کہا کہ ہم یہ نہیں چاہتے اور نہ چاہیں گے کہ ہمارے کھلاڑی جذباتی صورت حال میں کھیلنے کے لیے تیار ہوں۔

جیمز سدر لینڈ نے کہا کہ کھلاڑیوں کی بھلائی کے حوالے سے ہماری ترجیحات واضح ہیں۔ وہ سوگ منا رہے ہیں اور ان سے یہ امید کرنا بے جا ہے کہ وہ دوسرے دن پانچ دنوں تک جاری رہنے والا انتہائی دباؤ والا ٹیسٹ میچ کھیل سکیں گے۔

آسٹریلوی بیٹسمین فلپ ہیوز منگل کو سڈنی میں فرسٹ کلاس کرکٹ کے ایک میچ کے دوران سر پر شدید چوٹ لگنے کے دو روز بعد جمعرات کو چل بسے تھے۔

کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق بیٹسمین فل ہیوز کی آخری رسومات بدھ کوگرینچ کے معیاری وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے نیوساؤتھ ویلز میں واقع ان کے آبائی قصبے میکس ویلے میں ادا کی جائیں گی۔

بیان کے مطابق فل ہیوز کی آخری رسومات میکس ویلے ہائی سکول جہاں انھوں نے تعلیم حاصل کی میں ادا کی جائیں گی اور یہ تقریب ایس سی سی ٹرسٹ اور ایڈیلیڈ اوول میں بڑی سکرینوں پر براہِ راست دکھائی جائے گی۔

اسی بارے میں