تائج الاسلام کی کریئر کے پہلے ہی میچ میں ہیٹ ٹرک

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption 22 سالہ تائج الاسلام نے اپنے پہلے ایک روزہ میچ ہی میں تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا

بنگلہ دیش کے تائج الاسلام نے زمبابوے کے خلاف میرپور میں اپنے کریئر کے پہلے ہی میچ میں ہیٹ ٹرک کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

بنگلہ دیش نے یہ میچ پانچ وکٹوں سے جیت کر سیریز میں وائٹ واش بھی کیا ہے۔

میرپور میں کھیلے جانے والے ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں بائیں ہاتھ کے سپنر تائج الاسلام نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

ان کی تباہ کن بولنگ کی وجہ سے زمبابوے کی پوری ٹیم صرف 128 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

22 سالہ تائج الاسلام نے میچ کے 29 ویں اوور میں پانیانگارا، نیومبو اور چھتارا کو آؤٹ کر کے اپنے پہلے ہی ایک روزہ میچ میں ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

زمبابوے کی طرف سے ماسکادزا کے علاوہ کوئی بلے باز بنگلہ دیشی سپنروں کا جم کر مقابلہ نہیں کر سکا۔ انھوں نے 52 رنز بنائے۔ شکیب الحسن نے 30 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

اس کے جواب میں بنگلہ دیش کی ابتدائی وکٹیں جلد گر گئیں۔ لیکن محمود اللہ نے 51 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر ٹیم کو پانچ وکٹوں سے فتح سے ہمکنار کر دیا۔

زمبابوے کے چھتارا نے تین، جب کہ پانیانگارا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اسی بارے میں