’کوشش ہے اس سیریز میں ورلڈ کپ کے لیے ٹیم تیار کرسکیں‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ’اس سیریز میں مختلف کامبی نیشن آزماکر ہر کھلاڑی کو موقع دیا جارہا ہے‘

پاکستانی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کا آغاز جیت سے کیا ہے اور کپتان مصباح الحق پانچ میچوں کی اس سیریز کو جیت ہی پر ختم کرنا چاہتے ہیں۔

لیکن اس سے زیادہ اہم بات ان کے نزدیک ورلڈ کپ کے لیے ایک بہتر کامبی نیشن کی تشکیل ہے۔

مصباح الحق کہتے ہیں کہ وہ یہ سیریز ہر حال میں جیتنا چاہتے ہیں لیکن ورلڈ کپ کی اہمیت زیادہ ہے۔

’یہ ورلڈ کپ سے قبل آخری سیریز ہے اور ہماری کوشش ہے کہ اس سیریز میں ہم ورلڈ کپ کے لیے ٹیم تیار کرسکیں۔‘

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ اس سیریز میں مختلف کامبی نیشن آزماکر ہر کھلاڑی کو موقع دیا جارہا ہے۔ ’ہم چاہتے ہیں کہ ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کی بہتر شکل سامنے آسکے اس کے لیے ضروری ہے کہ ٹیم کے ہر کھلاڑی کو پورا موقع ملے تاکہ اس کی کارکردگی کا پتہ چل سکے۔‘

پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستانی ٹیم کی تین وکٹوں کی جیت اس اعتبار سے اہم ہے کہ اس نے سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف مسلسل پانچ ناکامیوں کا جمود توڑا ہے اور مصباح الحق اس کا کریڈٹ حارث سہیل کو دیتے ہیں۔

’پانچ وکٹیں گرنے کے بعد سرفراز احمد کی اننگز نے امید بندھائی اور پھر حارث اور آفریدی کی سمجھ بوجھ والی بیٹنگ نے ٹیم کو کامیابی دلائی۔‘

مصباح الحق پانچویں بولر کے طور پر حارث سہیل کے کردار سے خوش ہیں۔

’حارث سہیل دو ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کے ساتھ رہے ہیں۔ ہمیں ان کی بیٹنگ کا اندازہ ہے۔ تاہم وقاریونس اور مشتاق احمد نے دو ماہ پہلے ہی یہ کہہ دیا تھا کہ انہیں بولر کے طور پر تیار کرنا ہے۔ ان پر بہت محنت کی گئی۔ خود حارث نے روزانہ نیٹ پر طویل بولنگ کی۔

حفیظ کی معطلی کےبعد پانچویں بولر کا بہت بڑا مسئلہ تھا جسے حارث سہیل نےحل کردیا۔ امید ہے کہ اگلے میچوں میں یہ سلسلہ جاری رہے گا۔‘

اسی بارے میں