شارجہ میں نیوزی لینڈ کی فتح، سیریز برابر

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ڈین براؤن لی اور اینٹون ڈیوسچ نے نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی وکٹ کی شراکت میں 103 رنز بنائے

شارجہ میں کھیلے جا رہے دوسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو چار وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔

پاکستان نے فتح کے لیے نیوزی لینڈ کو 253 رنز کا ہدف دیا جو اس نے چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کین ولیمسن 70 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے۔

میچ کا تفصلی سکور کارڈ

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈین براؤن لی اور اینٹون ڈیوسچ نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 103 رنز بنائے۔

103 رنز کے مجموعی سکور پر نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب ڈین براؤن لی 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 129 رنز اس وقت گری جب اینٹون ڈیوسچ 58 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد ٹیلر، لیتھم اور اینڈرسن کے ناکام رہنے کے بعد وکٹ کیپر لیوک رونچی نے ولیمسن کا ساتھ دیا اور 36 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو کامیابی کے قریب پہنچا دیا۔

پاکستان کی جانب سے حارث سہیل نے تین اور شاہد آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کی۔

اس سے پہلے پاکستان کی پوری ٹیم 48.3 اوورز میں 252 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 76 جبکہ مصباح الحق نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے چار ، مچل جان نے تین، ایڈم ملن نے دو، اور کوری اینڈرسن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف ایک رن کے مجموعی سکور پر احمد شہزاد بغیر کوئی سکور کیے آؤٹ گئے۔

ابتدائی نقصان کے بعد ابھی پاکستانی ٹیم سنھبل ہی نہ پائی تھی کہ 11 رنز کے مجموعی سکور پر یونس خان چھ رنز بنا کر بھی پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کو تیسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب 20 رنز کے مجموعی سکور پر اسد شفیق ایک سکور بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

نیوزی لینڈ کے ساتھ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

دبئی میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے حارث سہیل اور شاہد آفریدی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔

پہلے ایک روزہ میں پاکستان کو 247 رنز کا ہدف ملا تھا جو 49.3 اوورز میں حاصل کر لیا تھا۔

اسی بارے میں