برزبین ٹیسٹ: آسٹریلیا کے خلاف پہلا دن بھارت کے نام

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption ٹیسٹ کرکٹ میں یہ مرلی وجے کی پانچویں سنچری تھی

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان جاری بورڈر گاوسکر ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں بھارت نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر چار وکٹ کے نقصان پر 311 رنز بنا لیے ہیں۔

برزبین میں کھیلے جانے والے اس میچ میں بھارت کی جانب سے اوپنر مرلی وجے نے 22 چوکوں کی مدد سے 144 رنز کی تیز اننگز کھیلی۔

پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر اجنکیا رہانے اور روہت شرما بالترتیب 75 اور 26 رنز پر کھیل رہے تھے۔

میچ کا سکور کارڈ

اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اوپنروں نے اچھا آغاز کیا لیکن شیکھر دھون کو مچل مارش نے 56 کے سکور پر آؤٹ کر دیا۔ انھوں نے 24 رنز بنائے۔

اس کے بعد چیتیشور پجارا اور ویراٹ کوہلی بالترتیب 18 اور 19 رنز بناکر ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ہیزل وڈ کو اپنی وکٹ دے بیٹھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ہیزل وڈ کو اپنے پہلے میچ میں پہلی وکٹ لینے پر آسٹریلوی کھلاڑی مبارکباد دیتے ہوئے

جبکہ مرلی وجے کو پہلے میچ کے ہیرو نیتھن لیون نے آؤٹ کیا۔

یہ سیریز کا دوسرا میچ ہے اور آسٹریلیا کو سیریز میں ایک صفر کی سبقت حاصل ہے۔

اس میچ میں بھارت کے مستقل کپتان مہندر سنگھ دھونی کی واپسی ہوئی ہے جبکہ آسٹریلیا کے کپتان کلارک پیٹھ میں تکلیف کی وجہ سے اس میچ میں نہیں ہیں اور ان کی جگہ سٹیون سمتھ کپتانی کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل وڈ اپنا پہلا میچ کھیل رہے ہیں۔ بھارت کی جانب سے محمد شامی کی جگہ آر اشون کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اسی بارے میں