اشانت پر ناشائستہ زبان استعمال کرنے پر جرمانہ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption آئی سی سی نے کہا ہے کہ شرما نے اپنی غلطی مان لی ہے

بھارت کے فاسٹ بولر اشانت شرما پر برسبین ٹیسٹ میں ناشائستہ زبان استعمال کرنے پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

میچ ریفری نے ایشانت شرما پر جرمانہ عائد کیا ہے۔

اس کے علاوہ میچ ریفری نے سست گیند بازی کے لیے آسٹریلیا کی ٹیم پر بھی جرمانہ کیا ہے۔

ایشانت شرما کو آئی سی سی کی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مجرم پایا گیا۔

شرما پر الزام ہے کہ انھوں نے برسبین میں دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے کپتان سٹیون سمتھ کو آؤٹ کرنے پر ناشائستہ زبان کا استعمال کیا تھا۔

آئی سی سی کی ریلیز کے مطابق’ایشانت شرما کو کھلاڑیوں کے لیے بنے ضابطہ اخلاق کے لیول ون کی خلاف ورزی کا مجرم پایا گیا ہے۔‘

یہ قانون ’بین الاقوامی میچوں کے دوران نازیبا زبان یا اشاروں سے متعلق ہے۔‘

واقعہ میچ کے تیسرے دن کی ہے جب آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے دوران ایشانت شرما کو ٹیلی ویژن کی سکرین پر سٹیون سمتھ کو آؤٹ کرنے کے بعد برا بھلا کہتے ہوئے دیکھا گیا۔

آئی سی سی نے کہا ہے کہ شرمانے اپنی غلطی مان لی ہے اور میچ ریفری کے جرمانہ لگانے کے فیصلے کو قبول کر لیا ہے۔

آسٹریلیا کے کپتان سمتھ پر میچ فیس کا 60 فیصد اور ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

سمتھ کا آسٹریلیا کی جانب سے بطور کپتان یہ پہلا ٹیسٹ میچ تھا۔