کرکٹ میں دھونی کے دس برس

دھونی تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption مہندر سنگھ دھونی انڈین کرکٹ ٹیم کے سب سے کامیاب کپتان ہیں

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے منگل کو ایک روزہ میچوں میں اپنے دس برس پورے کر لیے ہیں۔

دھونی کے دس برس مکمل ہونے پر سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ہیشٹیگ #10YearsofDHONIsm#

ٹرینڈ کر رہا ہے ۔

اس موقع پر بی بی سی نے ان کے کرکٹ کریئر پر ایک نظر ڈالی ہے۔

ون ڈے

مہندر سنگھ دھونی نے اپنا پہلا ایک روزہ میچ 23 دسمبر 2004 کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا تھا۔ بنگلہ دیش کے چٹاگانگ میں ہونے والے اس میچ میں دھونی بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہو گئےتھے۔ یہ میچ بھارت نے 11 رنز سے جیتا تھا۔

ٹیسٹ

مہندر سنگھ دھونی نے اپنی ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز سری لنکا کے خلاف 2005 میں کیا تھا۔ دو دسمبر سے چھ دسمبر 2005 تک چلنے والے اس میچ میں دھونی نے وکٹ کے پیچھے ایک کیچ لیا تھا اور پہلی اننگز میں 30 رنز بنائے تھے۔ یہ میچ ڈرا ہوا تھا۔

بین الاقوامی ٹی 20

دھونی نے اپنا پہلا بین الاقوامی ٹوئنٹی 20 میچ ایک دسمبر2006 کو جنوبی افریقہ کے خلاف جوہانسبرگ میں کھیلا۔ بھارت یہ میچ چھ وکٹ سے جیتا تھا۔

اس میں بھی دھونی کوئی قابلِ قدر کارکردگی نہ دکھا سکے اور بغیر کوئی رنز بنائے پویلین واپس چلےگئے تھے۔ اس میچ میں بھی انھوں نے وکٹ کے پیچھے ایک کیچ لیا تھا۔

ٹاپ سکور

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption دھونی آئی پی ایل کی ٹیم چنئی سپر کنگز کو بھی فتح سے ہمکنار کرا چکے ہیں

دھونی کا اب تک کا سب سے زیادہ سکور 183 رنز ناٹ آؤٹ ہے جو انھوں نے 145 گیندیں کھیل کر بنایا تھا۔ انھوں نے سنہ دو ہزار پانچ اور چھ میں سری لنکا کے خلاف نمبر تین پر کھیلتے ہوئے بھارت کو فتح دلائی۔

دھونی نے اس اننگز میں 15 چوکے اور 10 چھکے مارے تھے۔ یہ ایک روزہ میچ میں کسی بھی بھارتی وکٹ کیپر کا سب سےزیادہ سکور ہے۔

ٹیسٹ میچز میں ان کا سب سے زیادہ سکور 224 رنز ہے۔ انھوں نے سنہ دو ہزار تیرہ میں چنئی میں آسٹریلیا کے خلاف یہ اننگز کھیلی تھی۔

بین الاقوامی ٹوئنٹی 20 میں ان کا سب سے زیادہ سکور 48 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔ یہ سکور انھوں نے سنہ 2012 میں سڈنی میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں بنایا تھا۔

رن اور وکٹ کے پیچھے کیچز

دھونی نے اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں 89 میچوں کی 142 اننگز کھیل کر کل 4841 رنز بنائے ہیں اور ٹیسٹ میں انھوں نے اب تک 248 کیچ پکڑے ہیں۔ وہ ٹیسٹ میچوں میں چھ سنچریاں، 33 نصف سنچریاں سکور کر چکے ہیں۔

ون ڈے میچز میں انھوں نے 250 میچوں کی 219 اننگز میں 8192 رنز بنائے ہیں۔ وہ اب تک نو سنچری اور 56 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔ ون ڈے کرکٹ میں بطور وکٹ کیپر انھوں نے 227 کیچ لیے۔

بین الاقوامی ٹوئنٹی20 میچز میں 50 میچوں کی 45 اننگز میں انھوں نے اب تک 849 رنز بنائے ہیں۔ بطور وکٹ کیپر انھوں نے 25 کیچ پکڑے۔

کپتانی اور ورلڈ کپ

دھونی پہلی بار ستمبر 2007 میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی ٹوئنٹی20 ٹیم کے کپتان بنائے گئے تھے۔

سنہ 2007 میں ہی انھوں نے پہلی بار ہندوستانی ون ڈے ٹیم کی بھی کمان سنبھالی۔ اگلے ہی برس یعنی 2008 میں پہلی بارانھیں بھارت کی ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا۔

دھونی کی قیادت میں بھارت سنہ 2011 میں ون ڈے کا ورلڈ کپ اور 2007 میں بین الاقوامی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ جیت چکا ہے۔

دھونی انڈین پریمیئر لیگ کی ٹوئنٹی 20 سیریز میں بھی اپنی ٹیم چنئی سپر کنگز کو سنہ 2010 اور 2011 میں کامیابیوں سے ہمکنار کرا چکے ہیں۔

اسی بارے میں