واٹمور زمبابوے کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption واٹمور سنہ 1996 کا عالمی کپ جیتنے والی سری لنکن ٹیم کے کوچ تھے

آسٹریلیا کے ڈیو واٹمور کو زمبابوے کرکٹ ٹیم کا نیا کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔

60 سالہ واٹمور نے زمبابوے کے لیے مارچ سنہ 2015 کے اختتام تک کے معاہدے پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔

خیال رہے کہ واٹمور اس سے قبل پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے بھی کوچ رہ چکے ہیں۔

واٹمور سنہ 1996 کا عالمی کپ جیتنے والی سری لنکن ٹیم کے کوچ تھے۔

واٹمور نے زمبابوے کا کوچ مقرر ہونےکے بعد کہا کہ وہ اس ٹیم کو جانتے ہیں جس نے پاکستان کو ایک روزہ میچ میں شکست دی تھی۔

واٹمور سری لنکا میں پیدا ہوئے تاہم آسٹریلیا منتقل ہوجانے کے بعد انھوں نے سات ٹیسٹ اور ایک ون ڈے انٹرنیشنل میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔

وہ سنہ 2003 میں بنگلہ دیشی ٹیم کے کوچ بنے تو ان کی کوچنگ میں ٹیم نے زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کے علاوہ آسٹریلیا کے خلاف کارڈف کے ون ڈے میں تاریخی کامیابی حاصل کی۔

انھی کی زیرِ نگرانی بنگلہ دیشی ٹیم نے سنہ 2007 کے عالمی کپ میں بھارت کو ہراکر دوسرے راؤنڈ تک رسائی حاصل کی۔ تاہم اس عالمی ایونٹ کے بعد واٹمور نے بنگلہ دیشی ٹیم سے تعلق ختم کر لیا تھا۔

وہ انگلش کاؤنٹی لنکاشائر کے بھی کوچ رہے جس نے سنہ 1998 میں ون ڈے ٹورنامنٹس جیتنے کے علاوہ سنہ 1999 میں لیگ ٹائٹل جیتا۔

اسی بارے میں