سڈنی ٹیسٹ: 572 رنز پر آسٹریلیا کا اننگز ختم کرنے کا اعلان

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption آسٹریلیا کےکپتان سٹیون سمتھ نے 15 چوکوں کی مدد سے 117 رنز بنائے

سڈنی میں کھیلے جانے والے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 71 رنز بنا لیے۔

دوسرے دن کے کھیل کے خاتمے پر بھارت نے ایک وکٹ کے نقصان پر 71 رنز بنا لیے ہیں۔ روہت شرما 40 اور لوکیش راول 31 رنز پر بیٹنگ کر رہے ہیں۔

بھارت نے آغاز میں ہی اپنا پہلا وکٹ گنوا دیا تھا جب مرلی وجے صفر پر آؤٹ ہوئے۔

اس سے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن آسٹریلیا نے چائے کے وقفے پر سات وکٹ کے نقصان پر 572 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔

آسٹریلیا کی جانب سے شین واٹسن اور سٹیون سمتھ نے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔ آسٹریلیا کے پہلے چھ بلے بازوں نے کم از کم نصف سنچری سکور کی جو کہ آسٹریلیا کے لیے ایک ریکارڈ ہے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

میچ کے دوسرے دن بھارت کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب 300 رنز کے مجموعی سکور پر شین واٹسن 81 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

415 رنز کے مجموعی سکور پر سٹیون سمتھ 117 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شوان مارش نے 73 رنز بنائے جبکہ برنز نے 58 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی سب سے کامیاب بولر رہے۔ انھوں نے پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ امیش یادو اور رامچندر ایشون نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل آسٹریلیا کے کپتان سٹیون سمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور آسٹریلیا کے دونوں اوپنر بلے بازوں نے تیز رفتاری سے کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا۔

چار ٹیسٹ میچوں کی سریز میں آسٹریلیا کو دو صفر کی ناقابل تسخیر برتری حاصل ہے۔

میلبرن میں کھیلا جانے والا تیسرا ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا تھا۔

برزبین میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے بھارت کو چار وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کی تھی۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے بھارت کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد 48 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی تھی۔

اسی بارے میں