پاکستان ورلڈ کپ سکواڈ کا اعلان، سہیل خان اور یاسر شاہ شامل

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption مصباح الحق اور کوچ وقار یونس بھی مختصر وقت کے لیے کراچی آئے تاہم چند ناموں پر ان کے اور سیلیکٹروں کے درمیان اتفاقِ رائے نہ تھا

پاکستانی کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ 2015 کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے 15 رکنی پاکستانی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

سکواڈ میں شامل سات کھلاڑی ایسے ہیں جو پہلی بار عالمی کپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

لیگ سپنر یاسر شاہ کو حریف ٹیموں کو چونکا دینے کے خیال سے ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

پاکستانی سکواڈ تصاویر میں

انھوں نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے 27 وکٹیں حاصل کی تھیں اور سلیکٹروں کا خیال ہے کہ وہ آسٹریلیا کی باؤنسی وکٹوں پر کامیاب ہو سکتے ہیں۔

فاسٹ بولر عمرگل فٹنس کے معاملے پر سلیکٹروں کا اعتماد حاصل نہیں کر سکے۔ البتہ بیٹنگ میں تسلسل سے رنز نہ کرنے والے عمراکمل کو ایک اور موقع مل گیا ہے۔

ٹیم کا اعلان بدھ کے روز چیف سلیکٹر معین خان نے پریس کانفرنس میں کیا۔

معین خان نے ٹیم سلیکشن کے بارے میں کہا کہ اس میں کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی فٹنس اور آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فاسٹ بولر سہیل خان اگرچہ حالیہ دنوں میں انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلے لیکن اس وقت جاری پنٹنگولر کپ میں انہوں نے بہت ہی عمدہ بولنگ کی ہے اور سلیکٹرز کا خیال تھا کہ اس اہم ایونٹ میں حقیقی فاسٹ بولرز کو موقع ملنا چاہیے۔

واضح رہے کہ سہیل خان نے دو ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے کھیلے ہیں تاہم وہ آخری بار انٹرنیشنل کرکٹ دو ہزار گیارہ میں زمبابوے کے دورے میں کھیلے تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption آفریدی اس ٹیم کے سب سے تجربہ کار رکن ہیں

معین خان کی سربراہی میں قائم چھ رکنی سیلیکشن کمیٹی گذشتہ کئی روز سے کراچی میں جاری پینٹنگولر کپ ایک روزہ ٹورنامنٹ کے دوران سلیکشن پر کام کرتی رہی اس دوران کوچ وقاریونس اور کپتان مصباح الحق بھی مختصر وقت کے لیے کراچی آئے اور سلیکٹروں کے ساتھ ملاقات کی، تاہم چند ناموں پر ان کے اور سیلیکٹروں کے درمیان اتفاق رائے موجود نہ تھا۔

پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

مصباح الحق (کپتان)، احمد شہزاد، محمد حفیظ، یونس خان، عمر اکمل، حارث سہیل، صہیب مقصود، شاہد آفریدی، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، محمد عرفان، جنید خان، یاسر شاہ، وہاب ریاض، سہیل خان اور احسان عادل۔

پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 15 فروری کو بھارت کے خلاف نیوزی لینڈ کے شہر ایڈیلیڈ میں کھیلے گی جس کے بعد اس کے اگلے گروپ میچ ویسٹ انڈیز، زمبابوے، متحدہ عرب امارات، جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ کے خلاف ہیں۔

اسی بارے میں