جنوبی افریقہ کی جیت، آملہ نے ویوین رچرڈز کا ریکارڈ توڑ دیا

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption جنوبی افریقہ کی جانب سے اے بی ڈویلیئر نے چھ چوکوں کی مدد سے 81 رنز بنائے

ڈربن میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ویسٹ انڈیز کو 61 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

بارش سے متاثر ہونے والے اس میچ میں ویسٹ انڈیز کو 32 اوورز میں 226 رنز کا ہدف دیا گیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ڈیوائن سمتھ اور گرس گیل نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 51 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 28.2 اوورز میں صرف 164 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کرس گیل نے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 41 اور دنیش رام دین نے دو چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل سٹین، عمران طاہر اور فلینڈر نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنےکا فیصلہ کیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ اور راسکو نے اننگز کا آغاز کیا۔

جنوبی افریقہ کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 16 رنز کے مجموعی سکور پر اس کے دو ابتدائی بیٹسمین پویلین لوٹ گئے۔

جنوبی افریقہ نے 48.2 اوور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 279 رنز بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے میچ کو روکنا پڑا اور ڈک ورتھ لوئس کے تحت ویسٹ انڈیز کو 32 اوورز میں 226 رنز کا ہدف دیا گیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے اے بی ڈویلیئر نے چھ چوکوں کی مدد سے 81 جبکہ ڈیوڈ ملر نے سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیروم ٹیلر اور آندرے رسل نے دو دو جبکہ سلیمان بین اور جیسن ہولڈر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقہ کے اے بی ڈویلیئر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

جنوبی افریقہ کے کپتان ہاشم آملہ نے ویسٹ انڈیز کے سر ویوین رچرڈز اور بھارت کے وراٹ کوہلی کا 114 ایک روزہ میچوں میں 5,000 رنز بنانے کا ریکارڈ توڑ دیا۔

ہاشم آملہ نے یہ کارنامہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈربن میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں سر انجام دیا۔

ڈربن میں کھیلا جانے والا میچ ہاشم آملہ کے کرئیر کا 101 ویں میچ تھا۔

ہاشم آملہ نے 66 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 66 رنز بنائے اور رن آؤٹ ہو گئے۔

اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز بیٹسمین سر ویون رچرڈز اور بھارت کے وراٹ کوہلی نے 114 ایک روزہ میچوں میں 5,000 رنز بنائے تھے۔

اسی بارے میں