خوش ہوں پاکستان فیورٹ نہیں، ٹیم بغیر دباؤ کے کھیلے گی: وقار

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption وقار یونس کا کہنا تھا کہ اچھے ٹیم ورک کے لیے کھلاڑیوں میں اتحاد و اتفاق ہونا بہت ضروری ہے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ وہ خوش ہیں کہ ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم فیورٹ نہیں اور ٹیم ورلڈ کپ میں بغیر کسی دباؤ کے کھیلے گی۔

وقار یونس نے لاہور میں امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’صاف بات یہ ہے کہ فیورٹ ہونے کے ساتھ دباؤ بہت زیادہ ہوتا ہے۔ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ جیسی ٹیمیں ہیں جو باؤنسی وکٹوں پر کھیلنے کی عادی ہیں اور یہی ٹیمیں ہم سے زیادہ فیورٹ ہیں۔‘

وقار یونس کا کہنا تھا کہ اچھے ٹیم ورک کے لیے کھلاڑیوں میں اتحاد و اتفاق ہونا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ کے لیے ہم نے بہترین ٹیم کا انتخاب کیا ہے اور ورلڈ کپ تک کھلاڑیوں کے فٹنس لیول میں بہتری لانے کی کوشش کریں گے۔

گذشتہ ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی ٹیم فیورٹ نہیں تھی تاہم سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہی تھی اور سیمی فائنل میں اسے بھارت نے شکست دی تھی۔

وقار یونس نے کہا کہ میگا ایونٹ میں ابھی تک پاکستان نے بھارت کو شکست نہیں دی اور دعا ہے کہ اس مرتبہ پاکستان ایسا کر سکے۔

انھوں نے کہا کہ اچھا ہے کہ اس ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ آغاز میں ہے۔ ’میں اسے اس طریقے سے دیکھتا ہوں کہ اگر ہم جیت جاتے ہیں تو ہمارا مورال بہت بلند ہو جائے گا۔‘

ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی ٹیم کا کیمپ لاہور میں جمعے کو اختتام پذیر ہوا ہے اور وہ آئندہ منگل کو نیوزی لینڈ روانہ ہو رہی ہے جہاں ورلڈ کپ سے قبل وہ دو ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

کیمپ کے آخری دن پاکستان کے ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل فاسٹ بولر جنید خان کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں تاہم پاکستانی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ ٹیم کے ہمراہ منگل کو نیوزی لینڈ جائیں گے۔

اس بارے میں وقار یونس کا کہنا تھا کہ ’گذشتہ چند ماہ کے دوران ہمارے فاسٹ بولرز کو مسائل کا سامنا رہا ہے اور جنید کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ ایک دھچکا ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’تمام بولرز کو ورلڈ کپ تک مل کر کام کا بوجھ سنبھالنا ہوگا اور یہی بہترین کمبینیشن بنانے کا طریقہ ہے۔‘

14 فروری سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ ایونٹ میں 14 ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے حصول کے لیے ایکشن میں نظر آئیں گی۔

اسی بارے میں