نارتھمٹن شائر نے شاہد آفریدی کو سائن کر لیا

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption اپنی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت آفریدی کو ’بوم بوم‘ کا لقب ملا اور وہ اب تک ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 342 چھکے لگا چکے ہیں

انگلینڈ کی کرکٹ کاؤنٹی نارتھمٹن شائر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے لیے سائن کیا ہے۔

شاہد آفریدی کا 389 ایک روزہ مچوں میں 116.29 جبکہ 77 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 145.29 کا سٹرائیک ریٹ ہے۔

اپنی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت آفریدی کو ’بوم بوم‘ کا لقب ملا اور وہ اب تک ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 342 چھکے لگا چکے ہیں۔

نارتھمٹن شائر کے کرکٹ کوچ ڈیوڈ رپلے نی بی بی سی ریڈیو کو بتایا کہ شاہد آفریدی گذشتہ دس سالوں کے دوران کرکٹ کے ایک اہم کھلاڑی رہے ہیں اور وہ کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں ہم نے صحیح وقت پر ان سے اس حوالے سے مذاکرات کیے ہیں۔‘

ڈیوڈ رپلے کے مطابق ’یہ ایک بہت دلچسپ بات ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہم فوری طور پر بلاکس سے باہر آ سکتے ہیں۔‘

نارتھمٹن شائر نے سنہ 2013 میں ٹی ٹوئنٹی ٹرافی جیتی تھی اور انھیں جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر روری کی خدمات بھی حاصل ہیں۔

شاہد آفریدی 15 مئی کو نارتھمٹن شائر کو جوائن کریں گے۔

شاہد آفریدی ایک روزہ میچوں میں 23.49 رنز کی اوسط سے 391، ٹی ٹوئنٹی میں 22.44 رنز کی اوسط سے 81 اور 27 ٹیسٹ میچوں میں 48 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

پاکستان کے معروف آل راؤنڈر نے سنہ 2011 کے عالمی کپ کے دوران 21 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

وہ لنکا شائر، ڈربی شائر، کینٹ اور ہیمپشائر کاؤنٹیز کی بھی نمائندگی کر چکے ہیں۔

سنہ 1996 میں بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کرنے والے شاہد آفریدی نے اپنے دوسرے ہی میچ میں سری لنکا کے خلاف صرف 37 گیندوں پر تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بنایا تھا۔ اس سنچری میں انھوں نے 11 چھکے اور چھ چوکےمارے تھے۔

شاہد آفریدی نے گذشتہ سال 22 دسمبر کو سنہ 2015 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے کرکٹ کے عالمی کپ کے بعد ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

اسی بارے میں