بھارت کو دھچکہ، ایشانت شرما ورلڈ کپ سے باہر

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ورلڈ کپ کے لیے بھارتی ٹیم میں سب تجربہ کار بولر ایشانت شرما تھے جو اب ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں

بھارتی فاسٹ بولر ایشانت شرما آئندہ ہفتے سے شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔

ورلڈ کپ کے لیے اعلان کی جانے والی بھارتی ٹیم میں وہ سب سے تجربہ کار بولر تھے لیکن گھٹنے میں تکلیف سے وہ باہر نہ آسکے۔

ان کی جگہ بھارت نے اپنی ٹیم میں موہت شرما کو شامل کیا ہے اور آئی سی سی نے ان کے نام کی منظوری دے دی ہے۔

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف ہونے والے سہ فریقی ٹورنامنٹ میں ناکامی کے بعد یہ بھارتی ٹیم کے لیے بڑا دھچکہ ہے۔

بھارت اس سہ فریقی ٹورنامنٹ میں کوئی بھی میچ نہ جیت سکا تھا۔

ورلڈ کپ میں بھارت کا پہلا میچ روایتی حریف پاکستان سے ہے جو 15 فروری کو ہوگا جبکہ آج اتوار کو بھارت آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچ کھیل رہا ہے۔

ایک بھارتی اخبار کے مطابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے کھیل کے درمیانی حصے میں بہتر بولنگ کو اہم قرار دیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سری لنکا کے بولر دھمیکا پرساد بھی ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں

پاکستان کے خلاف میچ کے بارے میں دھونی نے اخبار انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ پاکستان کے خلاف کھیلنا ان کے لیے ویاسی ہی جیسا آسٹریلیا یا سری لنکا کے خلاف کھیلنا۔

انھوں نے کہا کہ اگر انھوں نے پاکستان کو روایتی حریف کے طور پر لیا تو اس سے ان پر دباؤ بڑھ جائے گا۔

ورلڈ کپ کے تعلق سے اسی قسم کی دوسری خبر سری لنکا کے دھمیکا پرساد کی ہے جو ایک تربیتی پروگرام کے دوران اپنا ہاتھ توڑ بیٹھے۔

سری لنکا نے ان کی جگہ ابھی تک کسی متبادل کا اعلان نہیں کیا ہے۔

اسی بارے میں