احمد شہزاد تربیتی سیشن میں گیند لگنے سے معمولی زخمی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption وارم اپ میچوں میں احمد شہزاد کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف اہم میچ سے قبل پاکستانی اوپنر احمد شہزاد کہنی پر گیند لگنے سے معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

پاکستان اس ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ اتوار کو دفاعی چیمپیئن اور روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلنے والا ہے۔

یہ میچ ایڈیلیڈ میں کھیلا جانا ہے اور پاکستانی ٹیم نے جمعے کو یہیں تربیتی سیشن منعقد کیا۔

اسی سیشن کے دوران احسان عادل کی ایک گیند احمد شہزاد کی کہنی پر لگی جس کے بعد انھیں ہسپتال لے جایا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیا مینیجر آغا اکبر نے بی بی سی اردو کے عبدالرشید شکور سے بات کرتے ہوئے اس واقعے کی تصدیق کی تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ معمولی چوٹ ہے۔

انھوں نے بتایا کہ فکر کی بات نہیں اور بطور احتیاط احمد کی کہنی کا ایکسرے کروایا گیا ہے۔

اس ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل ہی پاکستانی ٹیم فٹنس کے مسائل کا شکار رہی ہے۔

بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کے پہلے وارم اپ میچ میں فاسٹ بولر سہیل خان بھی پنڈلی میں چوٹ کے سبب میدان سے باہر چلے گئے تھے تاہم وہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے وارم اپ میچ میں ایکشن میں نظر آئے تھے۔

اس سے قبل پاکستانی ٹیم محمد حفیظ اور جنید خان کی خدمات سے محروم ہو چکی ہے۔

جنید خان تو سکواڈ میں شامل ہونے کے باوجود ٹیم کے ساتھ پاکستان سے آئے ہی نہیں جبکہ محمد حفیظ کو ٹخنے میں چوٹ کے بعد واپس پاکستان بھیجا گیا ہے۔

تاہم حفیظ نے پاکستان پہنچنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ نے انھیں واپس بھیجنے میں جلدی کی کیونکہ انھیں صحت یابی کے لیے صرف ایک ہفتہ درکار تھا۔

اسی بارے میں