کرکٹ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ فاتح

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption اس میچ میں کورے اینڈرسن نے 75 رنز بنائے اور دو وکٹیں بھی لیں

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 98 رنز سے شکست دے دی ہے۔

سنیچر کو کرائسٹ چرچ میں ہونے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو نیوزی لینڈ نے برینڈن میککلم اور کوری اینڈرسن کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت چھ وکٹوں کے نقصان پر 331 رنز بنائے۔

اس کے جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 46ویں اوور میں 233 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

تفصیلی سکور کارڈ

پانچ بلےباز جن کے گرد ورلڈ کپ گھومے گا

اس میچ میں دو اچھی شراکت داریوں کے بعد سری لنکا کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہی ہیں۔

سری لنکا کی جانب سے تھریمانے نے اچھی بلے بازی کی اور نصف سنچری بنائی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption تھریمانے نے آٹھ چوکوں کی مدد سے نصف سنچری بنائی

انھوں نے پہلے دلشان اور پھر سنگاکارا کے ساتھ مل کر بالترتریب 68 اور 57 رنز کی شراکتیں قائم کیں۔

ان کے آؤٹ ہونے کے بعد آنے والے بلے بازوں میں اینجلو میتھیوز کے علاوہ کوئی زیادہ دیر وکٹ پر جم نہ سکا۔

میتھیوز نے 46 رنز کی اہم اننگز کھیلی لیکن اپنی ٹیم کو فتح نہ دلوا سکے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤدی کے علاوہ کورے اینڈرسن، بولٹ، ملنے اور ویٹوری نے بھی دو، دو وکٹیں لیں۔

اس سے قبل میزبان ٹیم کی جانب سے میککلم اور اینڈرسن کے علاوہ کین ولیمسن نے بھی نصف سنچری بنائی جبکہ مارٹن گپٹل ایک رنز کی کمی سے نصف سنچری بنانے سے محروم رہ گئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption نیوزی لینڈ کی جانب سے برینڈن میککلم نے جارحانہ اننگز کھیلی۔

نیوزی لینڈ کے لیے اینڈرسن آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 75 رنز بنا کر ٹاپ سکورر ہے جبکہ میککلم نے 65 اور ولیمسن نے 57 رنز کی اننگز کھیلی۔

سری لنکا کی جانب سے سورنگا لکمل اور جیون مینڈس دو دو وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔

سری لنکا نے 1996 میں ہونے والا ورلڈ کپ فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دے کر جیتا تھا جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم آج تک کرکٹ کا ورلڈ کپ نہیں جیت سکی ہے تاہم اس مرتبہ اس کا شمار فیورٹ ٹیموں میں کیا جا رہا ہے۔

اسی بارے میں