’وہ وقت بھی آئے گا جب پاکستان جیتے گا‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption مہندر سنگھ دھونی نے کہا کہ اگر دونوں ٹیموں کے میچوں کے مجموعی اعدادو شمار دیکھیں تو بھارت پاکستان سے بہت پیچھے ہے۔ پاکستان ایک زبردست ٹیم ہے

بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان سے کبھی بھی نہ ہارنے کی روایت پر خوش لیکن حقیقت پسندی کامظاہرہ کرتے ہوئے یہ بات بھی تسلیم کرتے ہیں کہ یہ ریکارڈ ہمیشہ قائم نہیں رہے گا اور یقیناً ایک وقت آئے گا جب بھارت پاکستان سے ورلڈ کپ میں ہارے گا۔

اتوار کے روز ایڈیلیڈ میں پاک بھارت میچ کے بعد صحافیوں کے روبرو مہندر سنگھ دھونی سے پوچھا گیا کہ آخر ورلڈ کپ میں پاکستان سے کبھی بھی نہ ہارنے کا کیا راز ہے؟ جس پر ان کا کہنا تھا کہ اس کا سبب کھلاڑیوں کی خود اعتمادی ہے۔ تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے یقیناً پاکستان کو ورلڈ کپ میں ہر بار شکست دی ہے جس پر فخر کیا جاسکتا ہے لیکن وہ وقت بھی آئے گا جب بھارتی ٹیم پاکستان سے ہار بھی سکتی ہے اور یہ ریکارڈ ٹوٹ سکتا ہے۔

مہندر سنگھ دھونی نے کہا کہ اگر دونوں ٹیموں کے میچوں کے مجموعی اعدادو شمار دیکھیں تو بھارت پاکستان سے بہت پیچھے ہے۔ پاکستان ایک زبردست ٹیم ہے۔

دھونی نے کہا کہ آسٹریلیا کے اس طویل دورے میں ٹیم کی سوچ ہمیشہ مثبت رہی ہے لیکن پچھلے میچوں میں نتائج اس کے حق میں نہیں رہے تھے۔

دوسری جانب پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ شکست کوئی بھی ہو وہ تکلیف دہ ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمراکمل، حارث سہیل اور صہیب مقصود سمیت ہر بیٹسمین کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور جب تک وہ لمبی اننگز کے لیے خود کو تیار نہیں کریں گے ٹیم نہیں جیت سکتی۔

یونس خان سے اوپننگ اور عمراکمل سے وکٹ کیپنگ کرانے سے متعلق سوال پر مصباح الحق نے کہا کہ پچھلے میچوں میں جو کامبی نیشن آزمائے گئے وہ توقع پر پورے نہیں اترے لہٰذا اس میچ میں ان دونوں کھلاڑیوں کو یہ رول دیے گئے۔

اسی بارے میں