نیوزی لینڈ کی کرکٹ ورلڈ کپ میں دوسری فتح

تصویر کے کاپی رائٹ getty images
Image caption سکاٹ لینڈ کی جانب سے مکین اور بیرنگٹن نے نصف سنچریاں بنائیں

کرکٹ کے 11ویں عالمی کپ کے ایک میچ میں نیوزی لینڈ نے سکاٹ لینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں لگاتار دوسرا میچ جیت لیا ہے۔

ڈیونیڈن میں منگل کو کھیلے جانے والے میچ میں سکاٹش ٹیم کو 142 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 25ویں اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ایک چھوٹے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز بھی کچھ بہتر نہیں رہا اور مارٹن گپٹل صرف 17 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے فوراً بعد میککلم کا ایک قدرے آسان کیچ باونڈری لائن کے قریب پکڑا نہیں جا سکا لیکن وہ زیادہ دیر جم کر نہ کھیل سکے اور 15 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اس وقت نیوزی لینڈ کا سکور 48 رنز تھا اور ٹیم کا سکور جب 66 رن پر پہنچا تو راس ٹیلر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ سکور میں مزید 40 رنز کے اضافے کے بعد گری جب کین ولیمسن کو ڈیوی نے کیچ کروا دیا۔

ان کی جگہ آنے والے ایلیئٹ زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہرے اور جب وہ آؤٹ ہوئے تو نیوزی لینڈ کی ٹیم 117 کے سکور پر پانچ وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔

بقیہ 25 رنز کے حصول میں میزبان ٹیم کو مزید دو وکٹوں سے محروم ہونا پڑا لیکن آخر میں ڈینیئل ویٹوری اور ایڈم ملنے نے ٹیم کو فتح دلوا دی۔

اس سے قبل سکاٹ لینڈ کی اننگز میں یہ بات ثابت ہوئی کہ ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساؤدی جیسے تیز بولروں پر مشتمل نیوزی لینڈ کا بولنگ اٹیک عالمی کپ میں شامل ٹیموں کی نیند اڑانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ان دونوں تیز رفتار گیند بازوں نے ابتدائی اوورز ہی میں سکاٹ لینڈ کے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پہلے بولٹ نے لگاتار دو گیندوں پر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور پھر ٹم ساؤدی نے مسلسل دو گیندوں پر دو وکٹیں حاصل کیں۔

سکاٹ لینڈ کی باقی کھلاڑیوں میں سے تین ویٹوری کا شکار بنے اور تین کی وکٹیں آل راؤنڈر اینڈرسن نے لیں۔

اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر سکاٹ لینڈ کو کھیلنے کی دعوت دی تھی اور سکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم گروپ اے کے اس میچ میں 37 اوورز میں 142 رنز بنا سکی۔

سکاٹ لینڈ کی جانب سے مکین اور بیرنگٹن نے نصف سنچریاں بنائیں جبکہ باقی ٹیم میں سے سات کھلاڑیوں کا سکور دوہرے ہندسوں تک بھی نہ پہنچ سکا۔

نیوزی لینڈ اپنے گروپ کے پہلے میچ میں سری لنکا کو ہرا کر پہلے ہی دو پوائنٹس حاصل کر چکا ہے جبکہ سکاٹ لینڈ کی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ کھیل رہی ہے۔

اسی بارے میں