’خبردار، جنوبی افریقہ پاکستان سے بہت بہتر ٹیم ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ’بھارت کو جنوبی افریقہ کے خلاف محنت کرنا ہوگی‘

بھارت کے مایہ ناز بلے باز سچن تندولکر نے عالمی کپ میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے میچ کے لیے بھارتی ٹیم کو خبردار کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سچن تندولکر کا کہنا ہے کہ روایتی حریف پاکستان کے مقابلے میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کافی مشکل حریف ہے۔

سچن تندولکر نے 2013 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ اس سے قبل وہ چھ عالمی مقابلوں میں بھارت کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

بھارت نے 2015 کے ورلڈ کپ میں اپنے پہلے ہی میچ میں پاکستان کو باآسانی 76 رنز سے شکست دی تھی۔

تاہم سچن کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف مضبوط اوپننگ شراکت کے ساتھ ساتھ محتاط رننگ بھی کرنا ہوگی کیونکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم فیلڈنگ کے شعبے میں پاکستان سے کافی بہتر اور مضبوط ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی بلے بازوں کو جنوبی افریقی بولر ڈیل سٹین کے خلاف محتاط انداز میں کھیلنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سٹین ایک بہترین بولر ہیں اور اُن کو کیسے کھیلنا ہے اس کا فیصلہ آپ پہلے سے نہیں کر سکتے۔

سچن تندولکر نے کہا کہ بھارتی کپتان دھونی اور اوپنر روہت شرما کو عالمی کپ میں بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی۔

لٹل ماسٹر کہلانے والے سچن نے اس بات پر بھی زور دیا کے بھارتی ٹیم عالمی کپ میں اپنے اعزاز کا دفاع کر سکتی ہے۔ اور میزبان آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ ’لیکن اس کے لیے ایک دو کھلاڑیوں کو نہیں بلکہ پوری ٹیم کو بہتر کارکردگی دکھانی ہوگی۔‘

اسی بارے میں