’ آفریدی اور یونس پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption آئرلینڈ کے خلاف بولنگ اچھی نہیں تھی: جیسن ہولڈر

ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف میچ میں شاہد آفریدی اور یونس خان پر کڑی نگاہ رکھیں گے کیونکہ یہ دونوں کھلاڑی پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں آئرلینڈ سے غیر متوقع شکست کے بعد بی بی سی اردو سے خصوصی انٹرویو میں جیسن ہولڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز اپنے پہلے میچ ہار چکے ہیں لہٰذا دونوں ٹیموں کو ایک جیسی صورتِ حال کا سامنا کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے مقابلے میں پاکستان کی کارکردگی زیادہ بہتر نہیں رہی۔

جیسن ہولڈر کے مطابق وہ 21 فروری کو پاکستان کے خلاف میچ میں شاہد آفریدی، یونس خان اور محمد عرفان پر خصوصی نظر رکھیں گے۔

ان کے بقول یونس خان انٹرنیشنل کرکٹ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور اسی لیے ہم نے ان پر نظر رکھنے کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی کرنی ہے۔

ویسٹ انڈیز کے کپتان کا کہنا تھا ’ہم نے آئر لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں اپنی غلطیوں اور کمزوریوں پر غور کیا ہے اور نیٹ پریکٹس میں ان کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

جیسن ہولڈر نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے کرکٹ شائقین آئرلینڈ سے شکست کے بعد دلبرداشتہ ہوں گے لیکن ہم انھیں فتوحات سےمطمئن کرنے کی کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئرلینڈ کے خلاف ویسٹ انڈیز کی بولنگ اچھی نہیں تھی لیکن ہمیں یہ سب کچھ بھلا کر آگے بڑھنا اور پاکستان کے خلاف بہتر پرفارم کرنا ہے۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان برائن لارا نے ورلڈ کپ سکواڈ میں کیرن پولارڈ اور ڈوائن براوؤ کو شامل نہ کرنے کو ٹیم کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا تھا۔

جیسن ہولڈر نے پہلے تو برائن لارا کے اس بیان پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا مگر دوبارہ پوچھنے پر کہا کہ ٹیم سلیکشن کی بات پرانی ہو چکی ہے اور اب پوری ٹیم نے اپنی توجہ صرف اور صرف ورلڈ کپ پر مرکوز کی ہوئی ہے۔

اسی بارے میں