بارش کی وجہ سے بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کا میچ منسوخ

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption منتظمین نے اس میچ کے ٹکٹ خریدنے والے شائقین کو ٹکٹ کے پیسے واپس دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔

آسٹریلوی شہر برسبین میں شدید بارش کی وجہ سے کرکٹ ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کا میچ منسوخ کر دیا گیا ہے۔

یہ اس ٹورنامنٹ میں منسوخ کیے جانے والا پہلا میچ ہے۔

میچ کی منسوخی کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا ہے جو کہ آگے چل کر بنگلہ دیش کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے۔

آسٹریلوی محکمۂ موسمیات کی جانب سے کوئنزلینڈ میں آنے والے سمندری طوفان کی وجہ سے برسبین میں سنیچر کو شدید بارش کی پیشنگوئی کی گئی تھی۔

سنیچر کی صبح سے ہی شہر میں شدید بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جو وقفے وقفے سے جاری رہا۔

امپائروں نے بارہا موسم کی صورتحال اور میدان میں کھیل کے امکانات کا جائزہ لینے کے بعد آخرِ کار میچ منسوخ کرنے کا ہی فیصلہ کیا۔

ورلڈکپ 2015 کے منتظمین نے اس میچ کے ٹکٹ خریدنے والے شائقین کو ٹکٹ کے پیسے واپس دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔

اس میچ کی منسوخی کے بعد اب گروپ اے میں مزید ایک ایک پوائنٹ حاصل کرنے کے بعد آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن پر آ گئی ہیں۔

اس گروپ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم تین میچوں میں تین فتوحات کے نتیجے میں چھ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔

اسی بارے میں