دن کی روشنی میں پاکستان کی دنیا اندھیر

تصویر کے کاپی رائٹ afp
Image caption آندرے رسل نے پہلے جارحانہ بلے بازی اور پھر نپی تلی بولنگ سے ویسٹ انڈین ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا

ویسٹ انڈیز نے دن کی روشنی میں پاکستانی ٹیم کی دنیا اندھیری کردی۔

کرائسٹ چرچ میں بدترین فیلڈنگ، مایوس کن بولنگ اور پھر حواس باختہ بیٹنگ کا نتیجہ ورلڈ کپ میں مسلسل دوسری شکست کی صورت میں سامنے آیا۔

پاکستانی فیلڈرز سے نہ کیچ لیے گئے، نہ آخری اوورز میں رنز روکے گئے اور جب رنز بنانے کا وقت آیا تو بیٹسمینوں نے بھی آنکھیں پھیر لیں۔

ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرتے ہوئے پاکستان کے لیے اس وقت تک سب کچھ صحیح تھا جب 28 رنز پر کرس گیل اور ڈوئین اسمتھ کو خاموش کیا جا چکا تھا۔

لیکن اس کے بعد ویسٹ انڈیز نے اپنے سابق کپتان کلائیو لائیڈ کی سوچ ’جارحیت ہی بہترین دفاع ہے‘ پر عمل کرتے ہوئے پاکستانی بولنگ کا برا حال کر دیا۔

ڈیرن براوو نصف سنچری سے ایک رن پہلے ہمسٹرنگ کی تکلیف کے سبب میدان چھوڑنے پر مجبور ہوئے لیکن دنیش رام دین، ڈیرن سیمی، لینڈل سمنز اور آندے رسل نے پاکستانی بولنگ کو بری طرح جھنجھوڑ ڈالا۔

دنیش رام دین نے سات چوکوں کی مدد سے نصف سنچری بنائی تو سمنز کی نصف سنچری میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ستم بالائے ستم پاکستانی فیلڈنگ نے بھی ویسٹ انڈیز کو310 رنز تک پہنچنے کا راستہ دکھایا۔

ڈیرن سیمی نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 30 رنز اسکور کیے لیکن آندرے رسل نے تو قیامت ہی ڈھا دی۔

انھوں نے صرف 13 گیندوں پر 42 رنز بناڈالےجن میں تین چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔

ویسٹ انڈیز کی اننگز میں تین نصف سنچری پارٹنر شپس شامل تھیں جن میں سے چھٹی وکٹ پر بننے والے 51 رنز صرف 17 گیندوں پر 18 رنز فی اوور کی اوسط سے بنے۔

ویسٹ انڈین بیٹسمینوں کی جارحانہ بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے آخری دس اوورز میں 115 رنز بنائے جن میں سے 79 رنز آخری پانچ اوورز میں سکور ہوئے ۔

بھارت کے خلاف میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے سہیل خان نے دس اوورز میں 73 رنز دے ڈالے۔ سات اوورز میں صرف 28 رنز دینے کے بعد انہوں نے آخری تین اوورز میں 45 رنز دے ڈالے۔

وہاب ریاض بھی آخری چار اوورز میں مہنگے ثابت ہوئے جبکہ محمد عرفان نے کرس گیل کی وکٹ حاصل کرنے کے بعد کوئی خاص تاثر نہ چھوڑا۔

شاہد آفریدی اور حارث سہیل کے 19 اوورز میں 110 رنز بنے جس کے بدلے دو وکٹیں حارث سہیل کے حصے میں آئیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption شاہد آفریدی کم ہی کیچ گراتے ہیں لیکن اس میچ میں انہوں نے سیمیولز اور براوو کے کیچ چھوڑے

پانچویں سپیشلسٹ بولر کی کمی پاکستانی ٹیم کو شدت سے محسوس ہوئی۔

ستم بالائے ستم پاکستانی فیلڈنگ نے بھی ویسٹ انڈیز کو310 رنز تک پہنچنے کا راستہ دکھایا۔

یاسر شاہ کی جگہ ٹیم میں شامل کیے جانے والے ناصر جمشید نے پانچویں اوور میں عرفان کی گیند پر اسمتھ کا کیچ گرادیا ۔

شاہد آفریدی کم ہی کیچ گراتے ہیں لیکن اس میچ میں انہوں نے سیمیولز اور براوو کے کیچ چھوڑے اور عرفان سمنز کا کیچ لینے میں ناکام رہے۔

بولنگ اور فیلڈنگ کے بعد پاکستانی بیٹنگ بھی ڈراؤنا خواب ثابت ہوئی۔

صرف ایک رن پر چار وکٹ۔ اس سے زیادہ مایوس کن آغاز ہو نہیں سکتا ہے جس نے سٹیڈیم میں موجود پاکستانی شائقین کی مایوسی بڑھادی۔

ناصر جمشید جن کے ورلڈ کپ سلیکشن پر کپتان مصباح الحق بہت زیادہ مصر تھے صرف دو گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے۔

یونس خان جنہوں نے ون ڈے ٹیم سے باہر کیے جانے پر کافی شور مچایا تھا پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption بولنگ اور فیلڈنگ کے بعد پاکستانی بیٹنگ بھی ڈراؤنا خواب ثابت ہوئی۔

اس ورلڈ کپ ٹور پر یونس خان آٹھ میچوں میں صرف 78 رنز بناسکے ہیں جن میں سے سب سے بڑا سکور پچیس رنز ہے۔

حارث سہیل بھی کھاتہ نہ کھول سکے یہ تینوں وکٹیں جیروم ٹیلر نے حاصل کیں تو دوسرے اینڈ سے کپتان جیسن ہولڈر نے احمد شہزاد کو بھی پویلین کی راہ دکھائی ۔

پاکستانی ٹیم کے لیے حالات اس وقت بد سے بدتر ہوگئے جب کپتان مصباح الحق بھی آندرے رسل کے نشانے پر آ گئے۔

25 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے نتیجے میں سب کچھ پاکستانی ٹیم کے ہاتھ سے نکل چکا تھا۔

ایسے میں صہیب مقصود اور عمراکمل کی 80 رنز کی شراکت نے ٹیم کو ون ڈے انٹرنیشنل میں اس کے سب سے کم سکور پر آؤٹ ہونے کے خطرے سے باہر نکالا لیکن میچ ویسٹ انڈیز کی گرفت میں ہی رہا۔

صہیب مقصود اور عمراکمل نے نصف سنچریوں کی تکمیل کے بعد یہ سمجھ لیا کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری کرچکے ہیں۔

شاہد آفریدی نے ماضی میں کئی میچز اپنی جارحانہ بیٹنگ سے پلٹے ہیں لیکن اس بار حالات ان کے لیے بھی مشکل تھے۔

آندرے رسل جنہوں نے جارحانہ بیٹنگ سے ہلچل مچائی تھی تین وکٹوں کے ساتھ بولنگ میں بھی نمایاں رہے لیکن پہلا وار جو جیروم ٹیلر نے کیاتھا وہی سب سے مہلک ثابت ہوا۔

اسی بارے میں