ورلڈ کپ: جے وردھنےکی سنچری، سری لنکا کی پہلی فتح

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption جیاودرھنے نے اینجلو میتھیوز کے ساتھ مل کر سری لنکن ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پول اے کے میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو چار وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں پہلی فتح حاصل کر لی ہے۔

ڈیونیڈن میں کھیلے جانے والے میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو فتح کے لیے 233 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 49 ویں اوو میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

تفصیلی سکور کارڈ کے لیے کلک کریں

سری لنکن اننگز کی خاص بات مہیلا جے وردھنےکی سنچری تھی۔ انھوں نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنی 19 ویں سنچری ایک ایسے وقت میں بنائی جب سری لنکا کی چار وکٹیں 51 رنز پر گر چکی تھیں۔

سری لنکا کو اننگز کی پہلی ہی گیند پر اس وقت نقصان اٹھانا پڑا تھا جب تھریمانے کو دولت زدران نے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ وہ کوئی رن نہ بنا سکے۔

اگلے ہی اوور میں دوسرے اوپنر تلکارتنے دلشان بھی بغیر کوئی رن بنائے شاہپور زدران کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔

چوتھے اوور میں افعانستان کے کپتان محمد نبی نے رن آؤٹ کا ایک یقینی موقع ضائع کیا لیکن دو ہی اوور بعد حامد حسن نےتجربہ کار کمارا سنگاکارا کو بولڈ کر کے اس غلطی کا ازالہ کر دیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption افغان بولرز نے سری لنکن اننگز کے ابتدائی دو اوورز میں دو وکٹیں لیں

چوتھی وکٹ کے لیے جے وردھنےاور کرونارتنے نے33 رنز کی شراکت قائم کی جس کا خاتمہ بھی حامد حسن نے ہی کیا۔ ان کی دوسری وکٹ کرونارتنے بنے جو 23 رنز بنا کر نوروز منگل کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

پانچویں وکٹ کے لیے جے وردھنے اور میتھیوز نے 122 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔

اس شراکت کا خاتمہ 177 کے مجموعی سکور پر میتھیوز کے رن آؤٹ ہونے پر ہوا جس کے ایک رن بعد ہی جے وردھنے بھی حامد حسین کی تیسری وکٹ بنے۔

اس کے بعد تھشارا پریرا نے 25 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 43 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروا دیا۔

افغانستان کی اننگز

اس سے قبل نیوزی لینڈ کے شہر ڈیونیڈن میں کھیلے جانے والے میچ میں افغانستان کی ٹیم آخری اوور میں 232 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اصغر ستنکزئی نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 54 رنز بنائے۔

افغان بلے بازوں میں اصغر ستنکزئی نصف سنچری بنا کر نمایاں رہے۔ انھوں نے 54 رنز کی اننگز کھیلی اور ان کے علاوہ سمیع اللہ شنواری نے 38 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے لستھ ملنگا اور اینجلو میتھیوز تین، تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ سورنگا لکمل نے دو جبکہ ہیراتھ اور پریرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کا دوسرا میچ ہے اور دونوں ہی فتح کی تلاش میں تھے۔

سری لنکا کو پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے جبکہ افغانستان کو بنگلہ دیش نے شکست دی تھی۔

اسی بارے میں