بھارتی قمیض کے ساتھ تصویر پر فیڈرر کی معذرت

تصویر کے کاپی رائٹ Federer Facebook
Image caption فیڈرر کی یہ تصویر ان کی فیس بک سے لی گئی ہے

ٹینس کے مشہور کھلاڑی راجر فیڈرر نے کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت اور پاکستان کے میچ سے ایک شام قبل بھارتی ٹیم کی قمیض کے ساتھ تصویر پوسٹ کرنے پر معذرت کی ہے۔

راجر فیڈرر نے ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے میچ سے قبل فیس بک پیج پر اپنی ایک تصویر لگائی جس میں ان کے ہاتھ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی نیلی کرکٹ کٹ کی شرٹ تھی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دبئی اوپن کے شروع ہونے سے قبل راجر فیڈرر نے کہا ’یہ نائیکی کی جانب سے پروموشن کی تصویر تھی۔‘

’یہ نائیکی کی مہم تھی کیونکہ میں حال ہی میں چند بھارتی کھلاڑیوں سے ملا تھا اور انھوں نے مجھے ٹیم کی شرٹ دی تھی۔‘

فیڈرر کا کہنا تھا کہ ’سب کو معلوم ہے کہ میں جنوبی افریقہ کی حمایت کرتا ہوں۔ اس تصویر کے پیچھے کسی کے جذبات مجروح کرنا مقصد نہیں تھا جس کے لیے معذرت کرتا ہوں۔‘

اس تصویر کے باعث پاکستان میں راجر فیڈرر کے مداحوں میں کافی غصہ پایا جاتا تھا۔

برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی میں زیر تعلیم ایک پاکستانی طالب علم نے ایکسپریس ٹریبیون میں لکھتے ہوئے دعویٰ کیا کہ فیڈرر کی اس تصویر کے بعد انھوں نے اپنے پاس فیڈرر کی تمام تصاویر ہٹا دیں۔

انھوں نے کہا ’میں نے اس بارے میں اور لوگوں سے رائے لی جس میں 12 میں سے 10 افراد نے کہا کہ انھیں فیڈرر کی اس تصویر سے دکھ ہوا ہے۔‘

اسی بارے میں