تازہ دم پاکستانی ٹیم کی برسبین میں پہلی پریکٹس

Image caption پاکستانی ٹیم اپنا تیسرا میچ یکم مارچ کو زمبابوے کے خلاف برسبین کے وولن گابا میں کھیلے گی

پاکستانی کرکٹ ٹیم نے منگل کو برسبین شہر میں واقع ایلن بورڈر فیلڈ میں پریکٹس کی۔

کرائسٹ چرچ سے برسبین پہنچنے کے بعد یہ پاکستانی ٹیم کی پہلی پریکٹس تھی۔

واضح رہے کہ پیر کو پاکستانی ٹیم کا پہلا پریکٹس سیشن منسوخ کردیا گیا تھا اور ٹیم منیجمنٹ اور کھلاڑی پورا دن میٹنگز میں مصروف رہے تھے جس کا مقصد ٹیم کی انتہائی مایوس کن کارکردگی کے بعد کھلاڑیوں کو حوصلہ دینا بتایا گیا تھا۔

اسی دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یارخان نے کپتان کوچ اور منیجر کے علاوہ چیف سلیکٹر معین خان سے بھی فون پر بات کی تھی۔ شہر یارخان نے منیجمنٹ سے کہا ہے کہ اگلے میچ میں آؤٹ آف فارم کھلاڑیوں کو آرام دیا جائے اور درست سلیکشن کیا جائے۔

Image caption پاکستانی ٹیم کی پریکٹس کے موقع پر تمام کھلاڑی تازہ دم دکھائی دے رہے تھے

پاکستانی ٹیم کو بھارت اور ویسٹ انڈیز کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور وہ ورلڈ کپ میں اپنا تیسرا میچ یکم مارچ کو زمبابوے کے خلاف برسبین کے وولن گابا میں کھیلے گی۔

پاکستانی ٹیم کی پریکٹس کے موقع پر تمام کھلاڑی تازہ دم دکھائی دے رہے تھے اور انہوں نے کوچنگ اسٹاف کی نگرانی میں سخت ٹریننگ کی۔ پاکستانی منیجمنٹ نے کھلاڑیوں کو میڈیا سے بات چیت سے روک رکھا ہے۔ اس بارے میں جب منیجر نوید اکرم چیمہ سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ اس کا مقصد یہ ہے کہ کھلاڑی صرف کھیل پر توجہ مرکوز رکھیں۔

پاکستانی ٹیم بدھ کے روز بھی ایلن بورڈر فیلڈ میں پریکٹس کرے گی جو کوئنز لینڈ کرکٹ کا مرکز ہے ۔ اس میدان سے متصل نیشنل کرکٹ سینٹر واقع ہے جہاں تمام تر سہولتوں سے آراستہ کرکٹ اکیڈمی اور بائیو مکینک لیبارٹری بھی موجود ہے جہاں پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل کا ٹیسٹ ہوچکا ہے۔

اسی بارے میں