یو اے ای کا کم ترین سکور، بھارت کی آسان جیت

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption روہت شرما اور ویراٹ کوہلی نے عمدہ بلے بازی کی اور 50 سے زیادہ رنز کی شراکت قائم کی

کرکٹ کے 11 ویں ورلڈ کپ میں سنیچر کو گروپ بی کے ایک میچ میں بھارت نے متحدہ عرب امارات کو نو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

بھارت نے مطلوبہ ہدف 18.5 اوور میں حاصل کر لیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

بھارت کی جانب سے دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 57 جبکہ کوہلی نے پانچ چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے۔

بھارت کے پہلے آؤٹ ہونے والے واحد بھارتی بلے باز شیکھر دھون تھے جنھیں محمد نوید کی گیند پر روہن مصطفیٰ نے کیچ کیا۔

ان کے جانے کے بعد روہت اور کوہلی نے عمدہ بلے بازی کی اور 50 سے زیادہ رنز کی شراکت قائم کی۔

اس سے قبل یو اے ای نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 32 ویں اوور میں 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption روی چندرن ایشون 25 رنز کے عوض چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے

یہ اس ٹورنامنٹ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے بنایا جانے والا اب تک کا سب سے کم ترین سکور ہے۔

اماراتی بلے بازوں میں گذشتہ میچ میں سنچری بنانے والے شیمان انور کے علاوہ کوئی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکا۔

شیمان نے 35 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے۔ انھوں نے منجولا گروج کے ساتھ مل کر آخری وکٹ کے لیے 31 رنز کی اہم شراکت بھی بنائی۔

بھارت کی جانب سے روی چندرن ایشون 25 رنز کے عوض چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔ یہ ایک روزہ کرکٹ میں ان کی بہترین کارکردگی بھی ہے۔

ان کے علاوہ امیش یادو اور رویندر جدیجہ نے دو، دو جبکہ موہت شرما اور بھونیشور کمار نے ایک ایک وکٹ لی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اماراتی بلے باز وہ کارکردگی نہ دکھا سکے جس کا مظاہرہ انھوں نے آئرلینڈ کے خلاف میچ میں کیا تھا

اس میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی اور فاسٹ بولر محمد شامی کی جگہ بھوونیشور کمار یہ میچ کھیلا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف ابتدائی دو میچوں میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے شامی کو اس میچ میں آرام دیا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات نے وہی ٹیم میدان میں اتاری ہے جس نے گذشتہ میچ میں آئرلینڈ کا سامنا کیا تھا۔

بھارتی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابلِ شکست رہی ہے۔

اسی بارے میں