’میچ میں مصباح الحق کو جلد آؤٹ کرنا ہوگا‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption پاکستان ٹیم میں آخر میں آنے والے بلے باز کافی خطرناک ہیں

جنوبی افریقہ کے ٹیسٹ کرکٹر گریم سمتھ نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے بولرز کو پاکستان کے خلاف میچ میں مصباح الحق کو جلد آؤٹ کرنا ہوگا۔

آئی سی سی کے لیے لکھے اپنے کالم میں سمتھ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

پاکستان ٹیم کے کپتان مصباح الحق کے بارے میں ان کا کہنا تھا’اگر جنوبی افریقی بولر مصباح کو جلد آؤٹ کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو آدھی جنگ وہ اسی وقت جیت جائیں گے۔‘

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ سات مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

اپنے کالم میں گریم سمتھ نے لکھا ہے ’اس وقت پاکستان ٹیم میں صرف مصباح ہی فارم میں نظر آ رہے ہیں اور وہی اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیم میں آخر میں آنے والے بلے باز کافی خطرناک ہیں۔

شاہد آفریدی، صہیب مقصود ، عمر اکمل اور وہاب ریاض یہ سب جارحانہ بلے باز ہیں اور تیزی سے رنز بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

بولنگ کے شعبے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’ گو پاکستان کے پاس اتنا اچھا بولنگ اٹیک نہیں ہے لیکن جنوبی افریقہ کو انھیں آسان نہیں سمجھنا چاہیے۔‘

ان کا کہنا تھا ’محمد عرفان ، وہاب ریاض، راحت علی اور شاہد آفریدی کی شکل میں پاکستان کے پاس خطرناک بولرز موجود ہیں۔‘

اسی بارے میں