’آئرلینڈ کے خطرات سے اچھی طرح واقف ہیں‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption آئرلینڈ ان تین ٹیموں میں شامل ہے جنہیں ابھی تک عالمی کپ 2015 میں شکست نہیں ہوئی ہے

آئرلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ ایڈرین بیرل کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کو آئرلینڈ سے جن خطرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ان سے وہ اچھی طرح واقف ہیں۔

کرکٹ ورلڈ کپ میں منگل کو آئرلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان میچ کینبرا میں کھیلا جائے گا

بیرل اس وقت جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے نائب کوچ ہیں اور جتنا وہ آئرش ٹیم کے بارے میں جانتے ہیں وہ پروٹیز کے لیے مدد گار ثابت ہو سکتا ہے۔

54 سالہ ایڈرین بیرل 2007 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں آئرلینڈ ٹیم کے کوچ تھے جب آئرش ٹیم نے سپر ایٹ مرحلے تک رسائی حاصل کی تھی۔

بیرل کا کہنا ہے ’ شاید میں باقی سب سے ذیادہ جانتا ہوں کہ وہ کیا کر سکتے ہیں اور ہم بھر پور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ آئرلینڈ ٹیم ہر عالمی کپ میں آئی سی سی کی ممبر ٹیم کو شکست دینے والی ٹیم کے طور پر نظر آئی ہے اور انہوں نے ایسا کیا بھی ہے۔

2007 کے عالمی کپ میں آئرلینڈ نے پاکستان اور بنگلہ دیش کو شکست دی تھی جبکہ زمبابوے کے ساتھ ان کا میچ برابری پر ختم ہوا تھا۔

آئرلینڈ کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے ایڈرین بیرل کا کہنا تھا ’آئرش ٹیم نے 2011 کے ورلڈ کپ میں بھی انگلینڈ کے خلاف یادگار کامیابی حاصل کی تھی اور اس عالمی کپ میں وہ اب تک ویسٹ انڈیز کو شکست دے چکی ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا ’ آئرلینڈ ایک اچھی ٹیم ہے اور ہم ان کے خلاف میچ کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔‘

آئرلینڈ ان تین ٹیموں میں شامل ہے جنہیں ابھی تک عالمی کپ 2015 میں شکست نہیں ہوئی ہے ان ٹیموں میں آئرلینڈ کے ساتھ بھارت اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔

اسی بارے میں