مجھے اب بھی ڈراؤنے خواب آتے ہیں: براڈ

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption بھارتی بولر کی گیند براڈ کے بلے کو چھوکر ان کے ہیلمٹ سے ہوتی ہوئی ناک پر لگی تھی

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر سٹوئرٹ براڈ کا کہنا ہے کہ چہرے پر گیند لگنے سے آنے والی چوٹ کی وجہ سے اب بھی انھیں ڈراؤنے خواب آتے ہیں۔

سٹوئرٹ براڈ کوگزشتہ برس مانچسٹر میں بھارت کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ میں آرون کی گیند پر چہرے پر چوٹ آئی تھی۔

بھارتی بولر کی گیند براڈ کے بلے کو چھوکر ان کے ہیلمٹ سے ہوتی ہوئی ناک پر لگی تھی۔

اس چوٹ کے نتیجے میں انھیں علاج کے لیے ہسپتال جانا پڑا تھا۔

سٹوئرٹ براڈ کا کہنا ہے ’مجھے اب بھی ڈراؤنے خواب آتے ہیں اور میں جب نیند سے بیدار ہوتا ہوں تو ایسا لگتا ہے جیسے میرے چہرے پر گیند لگی ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’میں جب تھک بھی جاتا ہوں تو مجھے اُڑتی ہوئی گیندیں اپنی طرف آتی دکھائی دیتی ہیں۔ میرے جبڑے چٹخ جاتے ہیں اور دو گلاس وائن پینے سے میری آنکھوں کے گرد ہلکے پڑ جاتے ہیں۔ ‘

اس واقعے کے بعد سٹوئرٹ براڈ نے ماہر نفسیات سے بھی مدد لی تھی اور وہ اس بات کو مانتے ہیں کے اس حادثے کی وجہ سے ان کا کھیل اثر انداز ہوا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ’اس حادثے نے میرے اعتماد کو ہلا کر رکھ دیا تھا لیکن میں اگلے میچ میں بیٹنگ کے لیے جاتے ہوئے ٹھیک محسوس کر رہا تھا۔ تھوڑا گھبرایا ہوا تھا لیکن ٹھیک تھا۔‘

براڈ نے مزید کہا کہ ’شاید اس چوٹ نے میرے چہرے پر زخم سے زیادہ مجھ پر اثر ڈالا ہے کیونکہ یہ ایک شدید چوٹ تھی۔‘

انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے عالمی کپ 2015 میں چار میچز کھیلے ہیں اور براڈ نے اب تک صرف دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔

اسی بارے میں