سری لنکا کو شکست، جنوبی افریقہ سیمی فائنل میں

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ڈومینی نے آٹھویں اوور کی آخری اور نویں اوور کی ابتدائی دو گیندوں پر وکٹیں لے کر ہیٹ ٹرک کی

11ویں کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے کوارٹر فائنل میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو ایک یکطرفہ مقابلے کے بعد نو وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

سڈنی میں بدھ کو کھیلے جانے والے میچ میںجنوبی افریقہ کو فتح کے لیے 134 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 18 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

ورلڈ کپ کا پہلا کوارٹر فائنل میچ: تصاویر

جنوبی افریقی اوپنر ڈی کاک نے 57 گیندوں پر 12 چوکوں کی مدد سے 78 رنز کی اننگز کھیلی۔

انھوں نے نصف سنچری بنانے کے ساتھ ساتھ ڈوپلیسی کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کے لیے 94 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت بھی قائم کی۔

سری لنکا کو واحد کامیابی ملنگا نے ہاشم آملہ کو آؤٹ کر کے دلوائی۔

اس سے قبل اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو سری لنکن بلے باز جنوبی افریقی سپنرز کے سامنے نہ ٹھہر سکے۔

سری لنکا کی پوری ٹیم 38ویں اوورز میں 133 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption عمران طاہر نے اس میچ میں چار وکٹیں لی ہیں

جنوبی افریقہ کی جانب سے جے پی ڈومینی نے ہیٹ ٹرک کی جبکہ عمران طاہر نے بھی چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹورنامنٹ میں لگاتار چار سنچریاں بنانے والے سری لنکا کے تجربہ کار بلے باز کمارا سنگاکارا نے اس میچ میں انتہائی سست روی سے بلے بازی کی اور 95 گیندوں میں 45 رنز بنا کر مورکل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

ان کے علاوہ تھریمانے نے 41 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ بقیہ بلے بازوں میں سے آٹھ کا سکور دوہرے ہندسوں میں بھی نہ پہنچ سکا۔

سنگاکارا اور تھریمانے نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے 15 اوورز میں 65 رنز کی شراکت قائم کی۔

جنوبی افریقہ کو کائل ایبٹ اور ڈیل سٹین نے ابتدائی کامیابی دلوائی جس کے بعد عمران طاہر نے سری لنکن بلے بازوں کو کھل کر نہ کھیلنے دیا اور تھریمانے، جیاودرھنے، پریرا اور ملنگا کی وکٹیں لے کر جنوبی افریقہ کی پوزیشن مضبوط بنا دی۔

دوسرے اینڈ سے پارٹ ٹائم سپنر جے پی ڈومینی نے عمدہ بولنگ کی جس کا صلہ انھیں ہیٹ ٹرک کی شکل میں ملا جو دو اوورز میں مکمل ہوئی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سری لنکا کے ٹاپ آرڈر کے بلے باز عمدہ فارم میں ہیں مگر اس میچ میں قابلِ ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے

انھوں نے اپنے آٹھویں اوور کی آخری گیند پر سری لنکن کپتان میتھیوز کو آؤٹ کیا اور اگلے ہی اوور کی پہلی دو گیندوں پر نوان کولاسیکرا اور اپنا پہلا ون ڈے میچ کھیلنے والے تھرندو کوشل کو آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

اس میچ کے لیے سری لنکن ٹیم نے نوآموز نوجوان سپنر تھرندو کوشل کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کوشل کو ان کے بولنگ کے مخصوص انداز کی وجہ سے ’مرلی کی نقل‘ کہا جاتا ہے۔

جنوبی افریقہ نے بھی آخری پول میچ کھیلنے والی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں اور جہاں فرحان بہاردین کی جگہ فاف ڈوپلیسی کی واپسی ہوئی ہے وہیں کائل ایبٹ بھی یہ میچ کھیل رہے ہیں۔

ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں جنوبی افریقہ کی ٹیم پول بی میں دوسرے اور سری لنکن ٹیم پول اے میں تیسرے نمبر پر رہی تھی۔

اسی بارے میں