دو سالہ بچی کا تیر اندازی میں نیا ریکارڈ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ڈولی آئندہ ہفتے تین سال کی ہو جائیں گی

بھارت میں ایک دو سالہ بچی نے تیراندازی میں ایک نیا قومی ریکارڈ قائم کیا ہے۔

منگل کو منعقد ہونے والے ایک مقابلے میں ریاست آندھرا پردیش کے علاقے وجیوڑا کی دو سالہ ڈولی شیوانی چروکری نے 200 سے زائد پوانٹس سکور کیے۔

بھارت کے سرکاری خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی مطابق’انڈیا بک آف ریکارڈز‘ کے مطابق تیراندازی میں اتنے پوائنٹ بنانے والی وہ ہندوستان کی سب سے چھوٹی کھلاڑی ہیں۔

مقابلے میں ڈولی نے پانچ میٹر دور ہدف پر 36 تیر چلائے اور پھر سات میٹر دور ہدف پر بھی تیر چلا کر کل 388 پوائنٹ حاصل کیے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption مقابلے میں ڈولی نے پانچ میٹر دور ہدف پر 36 تیر چلائے

اس موقعے پر کھیلوں کے سینیئر افسران اور انڈیا بک آف ریکارڈ کے اہلکار بھی موجود تھے۔

آرچري ایسوسی ایشن بھارت کی اہلکار گجن ابرول نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا:’ ہم سب کو ڈولی پر فخر ہے اور ہم اس سے بہت متاثر ہیں۔‘

اطلاعات کے مطابق سال 2010 میں ڈولی کے بھائی اور بین الاقوامی تیر اندازی مقابلوں کے چیمپئن اور کوچ لینن کی سڑک کے حادثے میں موت ہو گئی تھی اور اس کے بعد ڈولی کی پیدائش’کرائے کی کوکھ‘ کے ذریعے ہوئی تھی۔

ڈولی کے والد چروکری ستینارای کا کہنا ہے کہ ڈولی کو شروع سے ہی تیر اندزی مقابلوں کی چیمپئن بننے کی تربیت دی گئی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ڈولی کو روزانہ دو سے تین گھنٹے تربیت دی جاتی ہے

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’جب ہمیں ڈولی کی پیدائش کا معلوم ہوا تو اسی وقت ہم نے اس تیز انداز بنانے کا فیصلہ کیا۔ اور جب وہ ابھی پیٹ میں ہی تھی کہ اس کی ہم نے تیاری شروع کر دی۔‘

چروکری ستینارای کی وجیوڑا میں تیر اندازی کی تربیت دینے کی اکیڈمی ہے اور ان کے مطابق ڈولی کو روزانہ دو سے تین گھنٹے تربیت دی جاتی ہے اور چونکہ اس کا تعلق تیز انداز گھرانے سے ہے اور اسی وجہ سے اس میں قدرتی صلاحیت بھی ہے۔

انھوں نے پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ:’ میری بیٹی نے وہ کر دکھایا ہے جس کا ہم خواب دیکھتے تھے۔ میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا کہ میرا خاندان کتنا خوش ہے۔ اب وہ کوششں کریں گے کہ ان کی بیٹی کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہو۔