ثانیہ اور ہنگس کی جوڑی میامی اوپن کی فاتح

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ثانیہ اورہنگس نے جب سے ڈبلز کی جوڑی بنائی ہے انھیں اب تک ایک بھی سیٹ میں شکست نہیں ہوئی ہے

بھارت کی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور سوئٹزرلینڈ کی مارٹینا ہنگس نے میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کا ڈبلرز ٹائٹل جیت لیا ہے۔

یہ ثانیہ کے کریئر کا 25 واں ڈبلز ٹائٹل ہے۔

خواتین کے ڈبلز میں پہلی رینکنگ رکھنے والی ثانیہ اور ہنگس کی جوڑی نے درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر آنے والی روس کی ایکاترینا ماکرووا اور ایلینا ویسنیا کی جوڑی کو شکست دی۔

ثانیہ کی جوڑی نے روسی جوڑی کو کو5-7 اور 1-6 سے شکست دی۔

پہلے سیٹ میں 2-5 بعد انھوں نے شاندار واپسی کی اور مسلسل آٹھ گیمز میں کامیابی حاصل کرکے سیٹ پر قبضہ کر لیا۔

ثانیہ مرزا نے میچ کے بعد کہا: ’ہم ایک دوسرے کو یہ کہہ رہے تھے کہ اس جدد و جہد کو جاری رکھیں۔ گذشتہ ہفتے سب کچھ بہت آسانی سے حاصل ہو گيا تھا اور ہم کسی بھی سیٹ میں چار گیمز سے زیادہ نہیں ہارے تھے لیکن یہاں ہم قدرے گھبرا رہے تھے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption یہ ثانیہ کے کریئر کا 25 واں ڈبلز خطاب ہے اور اب وہ ڈبلز میں انفرادی طور پر پہلا مقام حاصل کرنے سے صرف 145 پوائنٹس پیچھے ہیں

انھوں مزید کہا کہ ’ایسا لگ رہا تھا کہ ہم اچھا نہیں کھیل رہے ہیں اور ہم عام طور پر اس کے عادی نہیں ہیں۔‘

ہنگس نے اس جیت کا سہرا ثانیہ کے والد عمران مرزا کو دیا جنھوں نے میچ کے دوران انھیں چند نکات بتائے۔

اس سے قبل ثانیہ اور ہنگس کی جوڑی نے روسی جوڑی کو ہی فائنل میں شکست دے کر انڈین ویلز کا خطاب بھی جیتا تھا۔

انڈین ویلز ثانیہ اور ہنگس کا ایک ساتھ پہلا ٹائٹل تھا۔ خاص بات یہ ہے کہ ثانیہ اورہنگس نے جب سے ڈبلز کی جوڑی بنائی ہے انھیں اب تک ایک بھی سیٹ میں شکست نہیں ہوئی ہے۔

انفرادی ڈبلز رینکنگ میں ورلڈ نمبر ون بننے سے ثانیہ اب 145 پوائنٹس دور ہیں اور وہ ابھی تیسر نمبر پر ہیں۔ جبکہ ایک اور دو پر مشترکہ طور پر اٹلی کی سارا ایرانی اور روبرٹا وینسی ہیں۔

اسی بارے میں