آسٹریلیا کے سابق کپتان اور مبصر رچی بینو انتقال کر گئے

Image caption رچی بینو نے 1960 میں پہلی بار بی بی سی ریڈیو کے لیے کمنٹری کی تھی

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور دنیائے کرکٹ کے مشہور مبصر رچی بینو 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔

لیگ سپن گیند کرنے والے بینو نے آسٹریلیا کے لیے 63 ٹیسٹ کھیلے جن میں سے انھیں 28 میں کپتانی کا اعزاز ملا تھا۔

1964 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد انھوں نے صحافت کا پیشہ اپنایا اور کرکٹ میچوں پر تبصرہ کرنے لگے۔

وہ 2013 تک آسٹریلیا کے چینل نائن کے لیے کام کرتے رہے لیکن آخری مرتبہ بطور مبصر انھوں نے 2005 کی ایشز سیریز میں کام کیا تھا۔

گذشتہ برس نومبر میں رچی نے بتایا تھا کہ وہ جلد کے کینسر میں مبتلا ہوگئے ہیں اور زیرِ علاج ہیں۔

بینو کا شمار آسٹریلیا کے اچھے آل راؤنڈروں میں ہوتا تھا اور وہ ٹیسٹ کرکٹ میں دو ہزار رن بنانے کے ساتھ دو سو وکٹیں لینے والے پہلے کھلاڑی تھے۔

1956 میں انھوں نے بطور کرکٹر اپنا کریئر جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ بی بی سی سے تربیت حاصل کی اور پھر 40 برس تک یہ ساتھ قائم رہا۔

1960 میں انھوں نے پہلی بار بی بی سی ریڈیو کے لیے کمنٹری کی جبکہ اس کے تین برس بعد وہ پہلی بار ٹی وی پر بطور مبصر نمودار ہوئے تھے۔

انھیں 1961 میں دنیائے کرکٹ میں ان کی خدمات کے لیے آرڈر آف دی برٹش امپائر کا اعزاز دیا گیا۔

انھوں نے اپنی اہلیہ ڈیفنی اور دو بچوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔